سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ دنیا میں ہماری خارجہ پالیسی کا محور ہمیشہ کشمیر رہا ہے، اب احتجاج سے کام نہیں چلے گا، اپوزیشن کو اعتماد میں لیکر دنیا، مسلم ممالک، اقوام متحدہ میں جانا ہوگا۔
سندھ میں گورنر راج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں حالانکہ سب سے زیادہ مسئلہ کے پی کے اور پنجاب میں ہے، جہاں ناکامی ان کا منہ چڑا رہی ہے، کے پی کے اور بلوچستان میں جو تحریک چل رہی ہے، کیا یہ چاہتے ہیں کہ سندھ میں بھی ایسی تحریک چلے، وہ احتساب عدالت میں سماعت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔
سید خورشید احمد شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے شروع دن سے علیحدگی کی تحریکوں کی مخالفت کی، پیپلز پارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، ایسے کام نہیں چلے گا۔ اس سے پاکستان کی خدمت نہیں دشمنی ہوگی، حکمران اپنی ناکامیاں سندھ پر ڈال رہے ہیں۔
کشمیر کے معاملے پر اب احتجاج سے کام نہیں چلے گا بلکہ اپوزیشن کو اعتماد میں لیکر پوری دنیا میں جانا ہوگا۔