پنجاب کے گورنر اور وزیرِ اعلیٰ کی قیادت میں لاہور میں یومِ استحصالِ کشمیر ریلی نکالی گئی جو گورنر ہاؤس سے چیرنگ کراس پہنچی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا متکبرانہ رویّہ خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی کا بدترین چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام ایک برس سے جیل میں قید ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ آج پورا پاکستان کشمیریوں کے حق کے لیے اٹھ کھڑا ہوا ہے، کشمیری بھائیوں کی اخلاقی سفارتی امداد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا، ہم ہر ڈویژن میں ایک روڈ سری نگر سے منسوب کریں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ کشمیریوں کی فتح تک ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیئے: یومِ استحصال، کشمیریوں کی آواز بننے کیلئے قوم تیار
انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل مودی نے اقوامِ متحدہ کے اصولوں کی دھجیاں بکھیر دی تھیں۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان نے کشمیر کا کیس اقوامِ متحدہ کی اسمبلی میں لڑا، کشمیر میں ہونے والا ظلم ہر عالمی فورم پر اٹھائیں گے۔
چوہدری سرور کا یہ بھی کہنا ہے کہ نریندر مودی ہٹلر کا شاگرد اور فاشسٹ ہے، کشمیر میں نسل کشی کی جا رہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کیا جا رہا ہے۔