لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے بلااشتعال فائر بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی سیکٹر کے مقام پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 18 سالہ لڑکی شہید ہوگئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے 5 اگست یوم استحصال کے موقع پر لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی سیکٹر کے مقام پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے فتح پور گاؤں میں 18 سالہ لڑکی شہید ہوگئی جبکہ فتح پور اور تاہی گاؤں میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی افراد میں 2 خواتین اور 2 لڑکیاں شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاک فوج نے موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔
بھارتی فوج اس سال اب تک 1877 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کرچکی ہے، بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک سال میں 15 افراد شہید 144 زخمی ہوئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید 15 افراد میں 5 بچے اور 6 خواتین شامل ہیں جبکہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی 144 افراد میں 46 خواتین 37 بچے شامل ہیں۔