• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب، بلوچستان اور کے پی میں ٹڈی دل موجود نہیں، این ایل سی سی

نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر (این ایل سی سی) کا کہنا ہے کہ آج پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ٹڈی دل موجود نہیں ہیں، جبکہ تھرپارکر، چولستان اور اس کے کچھ علاقوں میں ٹڈی دل کی فعال افزائش پائی جارہی ہے۔

ملک بھر میں ٹڈی دل سے نمٹنے اور اس کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر (این ایل سی سی) کا اجلاس ہوا۔

اجلاس کے اعلامیے میں این ایل سی سی کا کہنا ہے کہ ننگرپارکر میں اگست کے وسط تک ٹڈی دل میں اضافہ کا امکان ہے، جبکہ اس وقت ٹڈی دل صرف تھر پارکر اور کراچی میں موجود ہے۔

این ایل سی سی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں 232 ٹیموں، 112 گاڑیاں، 1288 افراد نے 4703.25 مربع کلو میٹر پر آپریشن کیا، جبکہ پنجاب میں 4589.60 مربع کلو میٹر پر 539 ٹیموں، 388 گاڑیوں اور 2830 افراد نے آپریشن کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ کے پی میں 625.35 مربع کلومیٹر پر انسداد ٹڈی دل آپریشن کی 80 ٹیموں، 106گاڑیوں اور 847 افراد نے آپریشن کیا۔

این ایل سی سی کا کہنا ہے کہ سندھ میں 1016.2مربع کلومیٹر پر انسداد ٹڈی دل آپریشن 242 ٹیموں، 174 گاڑیوں اور 1177 افراد نے کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ محکمہ پلانٹ پروٹیکشن سکھر، تھرپارکر، لاہور، اسلام کوٹ، کراچی میں 4 بیورو جہاز استعمال کررہا ہے۔

تازہ ترین