• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت میں نائلہ جعفری کے گھر پر پتھراؤ، خالی کرنے کیلئے دھمکیاں

گلگت(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹی وی کی معروف اداکارہ نائلہ جعفری کے گھر پر مبینہ طور پر 2 افراد نے حملہ کردیا۔اداکارہ نائلہ جعفری کی جانب سے آئی یو تھانے میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں اداکارہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے گلگت میں واقع گھر پر مبینہ طور پر 2 افراد نے حملہ کردیا۔حملہ آوروں نے نائلہ جعفری کے گھر پر پتھراؤ کیا اور انہیں گھر خالی کرنے کے لیے دھمکیاں بھی دیں۔ تاہم نائلہ جعفری حملے میں محفوظ رہیں۔نائلہ جعفری کا کہنا ہے کہ ملزمان ان سے زبردستی مکان خالی کرانا چاہتے ہیں۔ اداکارہ نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔دوسری جانب آئی یو تھانے کے ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ نائلہ جعفری کی درخواست پر کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ ایس ایچ او کے مطابق نائلہ جعفری نے اپنی درخواست میں گھر پر حملے اور پتھراؤ کا تو ذکر کیا ہے مگر کسی کو بھی نامزد نہیں کیا ہے صرف ملزمان کا حلیہ بتایا ہے۔واضح رہے کہ تین سال قبل کینسر کے موذی مرض میں مبتلا اداکارہ نائلہ جعفری نے بھارتی بزنس ٹائیکون سجن جندال کی پاکستان آمد پر احتجاجاً حکومتی مدد لینے سے انکار کردیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا سرحد پر شہید ہونے والے میرے ہی خاندان کے لوگ ہیں دشمن سے ہاتھ ملانے والوں سے کون مدد لیتا ہے، مرجاؤں گی لیکن حکومت سے امداد نہیں لوں گی۔

تازہ ترین