اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے ریجنل آفس کو ئٹہ کا دورہ کیا، انچارج ریجنل آفس کامران زیب نے چیئرمین کو صوبہ بھر میں انڈین چینلزو مواد کیخلاف جاری کارروائیوں سے آگاہ کیا، چیئرمین پیمرا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے انڈین چینلز و غیر اخلاقی مواد کو ختم کیا جائے اور کیبل ٹی وی آپریٹرز کو پابند کیا جائے کہ وہ صرف قانونی چینلز اور معیاری مواد اپنے نیٹ ورکس پر چلائیں، دورہ کے موقع پر چیئرمین نے پیمرا افسران اور فیلڈ سٹاف کوانڈین چینلز اور انڈین مواد کے خاتمے سے متعلق حکومتی پالیسی ، عدالتی احکامات اور پیمرا قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروانے اور کیبل نشریات کو قوانین کے مطابق کرنے کی تلقین کی، انچارج ریجنل آفس نے آگاہ کیاکہ ریجنل آفس کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پرصوبہ بھر میں کیبل نیٹ ورکس کی چیکنگ کر رہی ہیں اور غیرقانونی چینلز دکھانے کیلئے استعمال ہونیوالے آلات قبضے میں لے رہی ہیں ، کیبل آپریٹرز کوآگاہ کیا جارہا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں پیمرا سخت اقدامات کرنیکا مجاز ہو گا اور خلاف ورزی کی صورت میں نہ صرف لائسنس منسوخ کئے جائینگے بلکہ قانونی چارہ جوئی بھی کی جائیگی، چیئرمین نے پیمرا شکایات کونسل بلوچستان کے چیئرپرسن عبدالجلیل ممدانی اور ممبران محمد ہمایوں بارکزئی ، محمد عظیم کاکڑ، میربلوچ اور ریحانہ خلجی سے میٹنگ بھی کی،چیئرمین پیمرا نے کونسل ممبران کے الیکٹرانک میڈیا کی بہتری اور فروغ کیلئے مثبت و موثر کردار کو سراہا معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔