• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی ایشیا میں ایٹمی جنگ کی وجہ بھارت ہوگا، کشمیری رہنما

بریڈفورڈ(محمد رجاسب مغل) آل پارٹیز حریت کانفرنس ،جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل اور جموں وکشمیر لبریشن سیل کے رہنمائوں نے مقبوضہ جموں کشمیر کی ابتراور سنگین صورتحال پرعالمی برادری سے فوری طور پرمداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی اوراقوام متحدہ کے قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے 80 لاکھ سے زائد لوگوں کو ایک سال سے مکمل محصورکررکھاہے۔ عالمی برادری کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کو رکوانے میں اپنا عملی کردار ادا کرے ۔جموں وکشمیر لبریشن سیل کے ڈائریکٹر جنرل فدا حسین کیانی ، تحریک حق خودارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین ،سردار عبدالرحمن خان اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں بھارتی افواج نے مکمل کرفیو نافذ کردیا ہے اور عوام پر مزید سختیاں کی جارہی ہیں ،مقبوضہ کشمیرکے عوام ایک سال سے ایک جیل میں بند ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایام منانے اور سیاسی ، سفارتی، اخلاقی حمایت کے بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنا ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو اس بات کا ادراک کرنا چاہے کہ ہندوستان کے جبرو استبداد اور غاصبانہ قبضے کی وجہ سے پورے خطے میں ایٹمی جنگ کے خطرات موجود ہیں جس سے پوری دنیا کا امن تہہ و بالا ہو سکتا ہے۔اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اپنا کردار ادا کریں ۔ فدا کیانی نے کہا کہ عالمی برادری کی بے حسی نے مقبوضہ جموں کشمیر کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کردیا ہے اور کشمیری عوام کی زندگیوں کو سخت خطرات لاحق ہیں۔گزشتہ برس5 اگست سے اب تک ظالم بھارتی فورسز نے چار خواتین اور 10 بچوں سمیت 214 معصوم کشمیریوں کو نام نہاد سرچ آپریشن میں شہید کیا گیا جب کہ بھارتی فورسز کے تشدد سے 1390 کشمیری زخمی ہوئے، اس دوران 84 خواتین کیساتھ زیادتی کی گئی اور 946 مکانات کو نقصان پہنچایا گیا۔ ایک سال کے دوران 13 ہزار 680 کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا۔فدا کیانی نے کہا کہ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان ریاست جموں وکشمیرکے عوام کی موثر اور طاقتور آواز بن چکے ہیں مقررین نے کہا کہ بھارتی قابض افواج خواتین کی آبروریزی اور بطور ہتھیار استعمال کررہی ہے مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ کو مکمل طور پر معطل کردیا گیا ہے اور کشمیری عوام اندرون و بیرون ریاست دنیا کے ساتھ مکمل طور پر منقطع کردئیے گئے ہیں۔لیڈز کے کونسلر گوہر الماس نے کہا کہ5 اگست کے دن کو سیاہ دن قرار دیتے ہوئے واشگاف الفاظ میں مظلوم کشمیریوں کی حمایت اور مودی سرکار کی کشمیر پر مظالم ڈھانے اور ان سے ان کے انسانی حقوق اور تشخص چھیننے پر بھرپور احتجاج کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہر لحاظ سے کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،اس وقت ہر صاحب بصیرت انسان جو کشمیر کی پاکستان کے لیے اہمیت کو جانتا ہےتسلیم کرتا ہے کہ آزادی کشمیر ہی ہمارے آزاد پانیوں کی ضمانت ،سی پیک کی کامیابی کی ضمانت ،ڈیموں کی تعمیر کی ضمانت ،معدنیات کے حصول کی ضمانت، سیاحتی کاروبار کی ضمانت ،پاکستانی معیشت کی کامیابی کی ضمانت ہے ۔اس میں کوئی شک نہیں آزادی کشمیر کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے۔ کشمیری اپنے خون سے تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں کشمیری خون بہا رہے ہیں وہ ہماری جنگ کے لیے شہادتیں پیش کر رہے ہیں ،شاید ہی کوئی گھر ہو جس میں کوئی شہید نہ ہو، شاید ہی کوئی گھر بچا ہو جس میں کسی ہماری ماں یا بہن کی عزتوں سے نہ کھیلا گیا ہو، کشمیر لفظ مظلومیت کا استعارہ بن چکا ہے،شہادتوں پر شہادتیں پیش کر رہے ہیں وہ اپنے لاشے پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دنیا بھر کے انسانوں کو فیصلہ سنا رہے ہیں کہ کشمیریوں کا مستقبل پاکستان سے جڑا ہے۔ ان کے تین تین سال کے بچے پکار رہے ہیں ہم چھین کے لیں گے آزادی ہے ،حق ہمارا آزادی ،کشمیر کشمیریوں کا تھا ہے اور رہے گا۔ انہوں نے اقوام عالم بالعموم اور برطانیہ کو بالخصوص اپنے اثر ورسووخ کے استعمال کرنے کی درخواست کی اور آزادی کشمیر کے لئے دعا مانگی ۔

تازہ ترین