کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ بار کونسل نے سانحہ کوئٹہ کیخلاف جسٹس فائز عیسیٰ کمیشن پر عملدرآمد کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ وائس چیئرمین سندھ بار کونسل سید حیدر امام رضوی نے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ چیف جسٹس ہماری درخواست پر سانحہ میں شہید ہونے والے وکلا سمیت صحافیوں کو بھی انصاف فراہم کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق وائس چیئرمین سندھ بار کونسل نے اپنی ایک قرار داد کے ذریعے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ کوئٹہ 8 اگست 2016 کی نتیجہ خیز تحقیقات کر کے ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے اور چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد کرنے والے سانحہ کوئٹہ میں شہید وکلا اور انکے لواحقین کے ساتھ انصاف کیا جائے۔سندھ بار کونسل نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کو چار سال مکمل ہوگئے لیکن اس سے متعلق حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاکردگی مایوس کن ہے حالانکہ سانحہ کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کمیشن کی رپورٹ ذمہ داران کیخلاف مکمل طور پر چارج شیٹ ہے لیکن اسکے کے باوجود ذمہ داران کیخلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی جاسکی جو حکومت کی سنگین غفلت اور نااہلی کو ظاہر کرتی ہے۔