• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان، فوج اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، 3ہزار گھروں کی تلاشی

مردان(نامہ نگار،نمائندہ جنگ) جنرل آفیسر کمانڈنگ مالاکنڈ آرمی ڈویژن میجر جنرل نادر خان نے مردان اور ملحقہ علاقاجات میں آرمی کے زیر قیادت پولیس اور سیکورٹی اداروں کے سرچ  آپریشن کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دس روزہ اپریشن میں اہم کامیابیاں ملی ہیں اور نہ صرف بھاری مقدار میں اسلحہ بر آمد ہوا ہے بلکہ کئی ملک دشمن بھی گرفتار کئے جاچکے ہیں ۔وہ مردان میں پنجاب رجمنٹ سنٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ اس موقع پر مردان پولیس کے ڈی آئی جی طاہر خان،مالاکنڈ ٹاسک فورس کے کمانڈر کرنل ایوب حیدر،ڈی پی او مردان فیصل شہزاد اور فوج وپولیس کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔میجر جنرل نادر خان نے کہا کہ اپریشن کے دوران عوام نے بھر پور تعاون کیا جس پر ہم ان کے مشکور ہیں تاہم جہاں جہاں سماج دشمن عناصر موجود ہوں گے وہاں آپریشن ہوتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد خوف اور ڈر کی فضاءختم کرکے عوام کے اندر خوداعتمادی پیدا کرنا ہے لہٰذا سماج دشمن اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کاروائیاں جاری رکھی جائینگی۔دریں اثناءسیکورٹی ذرائع کے مطابق اپریشن میں 550سے زائدمشتبہ افراد اور منشیات بھی برآمد کی گئی جن میں کلاشنکوفوں اور رائفلوں سمیت مختلف بور کے آٹھ سو ہتھیار اور چار سو کلو گرام سے زائد دھماکہ خیز مواد شامل ہے۔آئی ڈی بنانے کے ماہر اہم دہشت گرد بھی پکڑے گئے جنہوں نے افغانستان میں تربیت حاصل کی ہے۔آپریشن میں تین ہزار سے زائد گھروں کی تلاشی لی گئی۔
تازہ ترین