• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آبادی میں کمی،راولپنڈی میونسپل کارپوریشن سب کیٹگری میں شامل، فنڈز بھی کم ملیں گے

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) حکومت پنجاب نے آبادی میں کمی کو جواز بناکر راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کو تنزلی کے بعد سب کیٹگری A-3میں شامل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ قبل ازیں راولپنڈی میونسپل کارپوریشن ریکارڈ میں 22لاکھ سے زائد کی آبادی ہونے پر کیٹگری A-2میں تھی، کیٹگری میں تنزلی کے بعد اب گریڈ 19کا صرف ایک افسر بطور چیف آفیسر کارپوریشن یہاں تعینات رہ سکے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ صوبہ پنجاب کے تمام بڑے شہروں کی آبادی کے لحاظ سے کیٹگریز بنائی گئی ہیں، ایک کروڑ یا زائد کی آباد کے شہر کا شمار کیٹگری A-1میں ہوگا، بیس لاکھ یا زائد کی آبادی کے شہر کا شمار A-2اور بیس لاکھ سے کم آبادی والے شہر کو سب کیٹگری A-3میں رکھا گیا ہے، اسی طرح دیگر چھوٹے شہروں کی کیٹگریز بھی بنائی گئی ہیں، قبل ازیں ریکارڈ میں راولپنڈی شہر کی آبادی 22لاکھ افراد سے زائد ہونے کی وجہ سے اسے کیٹگری A-2میں رکھا گیا تھا جس کی وجہ سے چیف افسر، میونسپل آفیسر فنانس، میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر اور میونسپل آفیسر آرکیٹیکٹ کی سیٹ پر گریڈ 19کے افسر تعینات تھے تاہم نئے سروے میں شہر کی آبادی بائیس لاکھ سے کم ہو کر اٹھارہ لاکھ بتائے جانے پر راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کی کیٹگری ڈائون کر دی گئی ہے جس کے بعد اب گریڈ 19کا صرف ایک افسر بطور چیف آفیسر یہاں رہ پائے گا باقی افسر نئی تعیناتی کیلئے سیکرٹری بلدیات کو رپورٹ کریں گے اور ان کی جگہ نئے آنے والے ڈپٹی میونسپل آفیسر گریڈ 18تک کے ہوں گے، اس کے علاوہ اب میونسپل آفیسر سروسز کی سیٹ ختم ہوکر میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر اینڈ سروسز بنا دی گئی ہے، یاد رہے کہ کیٹگری میں تنزلی کے بعد مختلف مسائل کے شکار راولپنڈی کو بعد اب گلیوں، نالیوں، سٹریٹ لائٹس اور سڑکوں وغیرہ کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کیلئے سالانہ بجٹ میں فنڈز بھی اسی حساب سے کم ملیں گے۔
تازہ ترین