پشاور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر محنت وثقافت شوکت یوسفزئی، سکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان ، سابق ایم این اے نواز شانگلہ اور نیشنل سکواش کوچ اطلس خان نےسکواش کےعالمی چیمپئن جان شیر خان کی ان کے گھر جاکر عیادت کیاور جان شیر خان کی کمر کے دو کامیاب آپریشنوں پرمسرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی اور قمر زمان نے کہا کہ جان شیر خان ملک کا اہم اثاثہ ہیں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے جان شیر خان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہے کھلاڑی امن کے سفیر ہیں ۔ جان شیر خان نے کہاکہ سرجریوں سے گزرنا ایک سخت فیصلہ تھااب سب کچھ ٹھیک ہو گیا ہے، پاکستان کی قیادت اور عوام کی طرف سے ہر طرح کی حمایت سے بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔