• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میگھن کو شاہی خاندان کا رکن بننے سے قبل سخت ٹریننگ دی گئی

باوجود اسکے کہ برطانوی شاہی خاندان میں شادی کر کے اسکا رکن بننے کی صورت میں زر و جواہر اور تاج سمیت متعدد فوائد حاصل ہوتے ہیں، لیکن پھر بھی یہ سب کچھ کسی کیک کے ٹکڑا جیسا نہیں ہے۔

درحقیقت بہت سے لوگوں کو یہ علم ہی نہیں کہ شاہی خاندان کا نیا رکن بننا اور اسکی روایات میں سمونا کتنا مشکل اور تھکا دینے والا عمل ہوتا ہے۔

اومڈ اسکوبی اور کیروئن ڈیورنڈ کی تصنیف فائنڈنگ فریڈم کے مطابق میگھن مارکل کی شہزادہ ہیری سے شادی سے قبل بڑی سخت قسم کے تربیتی سیشن ہوئے جس میں انکے فرضی اغوا کا ایک سیشن بھی ہوا جس میں انھوں نے شرکت کی۔

اس کتاب میں مصنفین نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈچز آف سسیکس کو برطانوی فوج کے ایک نہایت ہی ایلیٹ رجمنٹ ایس اے ایس، کے ساتھ دو دنوں تک سیکیورٹی حوالے سے سخت اور صبر آزما کورس میں بھی شرکت کرنا پڑا۔

میگھن کو اس فرضی اغوا کے دوران دہشتگردوں نے باندھ کر ایک کار کے پچھلے حصے میں ڈال کر ایک دوسری جگہ منتقل کیا، جہاں ایس اے ایس کے افسروں نے نقلی گن (جو ہالی ووڈ فلموں میں استعمال کیے جاتے ہیں) سے فائرنگ کرکے انھیں دہشتگردوں سے چھڑایا۔

اس سے قبل ایک امریکی ہفت روزہ نے بتایا تھا کہ جب میگھن اور ہیری کی پہلے پہل رومانی ملاقاتیں شروع ہوئیں تو میگھن کو شاہی اسٹاف نے چند بنیادی تربیت دی تھی، جس میں انھیں بتایا گیا تھا کہ مختلف صورتحال میں، جس میں دھمکیاں ملیں یا پھر میگھن کو خدشہ ہو کہ کوئی انکا تعاقب کررہا ہے تو انھیں کیا کرنا ہے۔ اس حوالے سے انکی ٹریننگ ہوئی تھی۔

اس رپورٹ میں اندرونی ذرائع نے بتایا کہ میگھن کو جو ٹریننگ دی گئی یہ بالکل ویسی ہی تھی جو کہ اس سے قبل 2011 میں شہزادہ ولیم کی شادی سے قبل کیٹ مڈلٹن کو دی گئی تھی۔

تازہ ترین