• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاران: غیر قانونی طور پر ایران جانیوالے 99 افراد پکڑے گئے

ملک میں بڑھتی ہوئی بے روز گاری کے باعث بلوچستان کے راستے ایران اور یورپ جانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔

بلوچستان کے علاقے خاران میں ٹرک کے ذریعے غیر قانونی طور پر ایران جانے والے 99 افراد پکڑے گئے، جس کے بعد خاران میں رواں ہفتے غیر قانونی طور پر ایران جاتے ہوئے پکڑے جانے والوں کی تعداد 287 ہو گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر خاران عبدالسلام اچکزئی نے بتایا ہے کہ فرنٹیئر کور ساؤتھ بلوچستان کے عملے نے خاران کے علاقے پتکن کے مقام پر انسانی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے غیرقانونی طور ایران کے راستے یورپ جانے والے 99 افراد کو ٹرک سمیت تحویل میں لیا ہے۔

گرفتار افراد کا تعلق پنجاب اور خیبر پختون خوا سے ہے، جن میں کم عمر بچے بھی شامل ہیں، پکڑے جانے والے افراد کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

خاران میں رواں ہفتے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے لوگوں کے خلاف یہ دوسری بڑی کارروائی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

چاغی: غیر قانونی ایران داخل ہونے والے 46 افراد لیویز حکام کے حوالے

اس سے قبل کوئٹہ سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے 188 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

بلوچستان سے پہلے تفتان کے راستے ہزاروں افراد سالانہ غیر قانونی طور پر ایران اور یورپ جاتے تھے، تاہم پاک ایران سرحد بند ہونے کے بعد ان انسانی اسمگلروں نے خاران کے راستے انسانی اسمگلنگ شروع کر دی ہے۔

تازہ ترین