• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توشہ خانہ، زرداری پر 9 ستمبر کو فرد جرم عائد ہوگی

توشہ خانہ، زرداری پر 9 ستمبر کو فرد جرم عائد ہوگی


توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے آصف علی زرداری پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 9 ستمبر کی تاریخ مقرر کردی۔

احتساب عدالت نےآصف زرداری کو آئندہ سماعت پر بھی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا جبکہ یوسف رضا گیلانی، عبدالغنی مجید اور انور مجید بھی 9 ستمبر کو طلب کیا ہے۔

اس سے قبل آج عدالت نے سابق صدر زرداری کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تو وکیل فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کو فون کال کرکے کہا کہ عدالت پیش ہونے کے لیے آجائیں۔

توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے آغاز پر پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور رحمان ملک پہلے کمرہ عدالت میں پہنچے جبکہ سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ پہلے حاضری سے استثنا یا وڈیو لنک سے حاضری کی درخواست پر دلائل دیں گے، اگر عدالت نے درخواست مسترد کردی تو پھر آصف زرداری عدالت پیش ہوں گے۔

اس موقع پر احتساب عدالت کے عدالتی عملے نے وکیل فاروق نائیک کو کہا کہ آصف علی زرداری کو بلالیا جائے جس کے بعد فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کو فون کال کرکے کہا کہ عدالت پیش ہونے کے لیے آجائیں۔

واضح رہے کہ آصف علی زرداری نے 12 اگست کو عدالت حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی تھی، درخواست میں پیشی کے بجائے وڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی استدعا کی گئی تھی۔

تازہ ترین