• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیکر اسد قیصر کی زیرقیادت اراکین قومی اسمبلی کی عثمان بزدار سے ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب سے اسپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں اراکین قومی اسمبلی نے لاہور میں ملاقات کی۔ پنجاب کے اراکین قومی اسمبلی نے  وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر اظہار اعتماد کیا۔

اس موقع پر اراکین قومی اسمبلی نے اپنے حلقوں کے مسائل کے بارے میں وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ اراکین قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سرگرم عمل ہیں۔ عثمان بزدار نے پنجاب کو یکساں ترقی کے وژن پر گامزن کیا ہے۔

اراکین  قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں ترقی کے حقیقی دور کا آغاز ہوچکا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ  پنجاب کے اراکین قومی اسمبلی کا اعتماد میرے لئے اعزاز ہے، وزیراعلیٰ آفس کے دروازے تمام عوامی نمائندوں کے لئے کھلے ہیں، ارکان اسمبلی کی مشاورت سے پنجاب کے ترقی کے سفر کو آگے بڑھار ہے ہیں۔ ایم پی ایز کےساتھ ایم این ایز کی رائے کو بھی اہمیت دے رہے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود پنجاب کے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا، اراکین اسمبلی دست و بازو ہیں، ان کا کوئی جائز کام نہیں رکے گا، تحریک انصاف کی حکومت سابق دور کی فاش غلطیوں اورخرابیوں کو دور کررہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا، قومی وسائل کو نمائشی منصوبوں کی نذر کرکے ملک و قوم سے ظلم کیا گیا، ہماری حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی ہے۔

اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ہمیں ملکر وزیراعظم عمران خان کے وژن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے، پنجاب حکومت اور اراکین قومی اسمبلی کے درمیان رابطوں کا سلسلہ مستقل جاری رہےگا۔

تازہ ترین