اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ نے فیصل آباد میں سرکاری اراضی پر دو پیٹرول پمپس سے قبضہ واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے چار ہفتوں میں صوبائی حکومت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سپریم کورٹ میں سرکاری اراضی پر پٹرول پمپس لیز پر دینے سے متعلق کیس کی ،سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ اس موقع پر قلب حسن ایڈووکیٹ نے کہا کہ این ایچ اے نے سرکاری زمین پمپس کو لیز پر دے رکھی ہے۔ جسٹس قاضی امین نے کہا کہ این ایچ اے قانون سے بالاتر نہیں ، این ایچ اے کو زمین کاروبار یا دھندے کیلئے نہیں ملی۔ اس ملک میں لوگوں کے کچھ حقوق رہنے دیں ، سرکار کی زمین کیساتھ مذاق ختم ہونا چاہئے۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ 30 ہزار سالانہ کرایہ پر این ایچ اے نے گرین بیلٹ پر پمپس بنوا دئیے ، گرین بیلٹ کی زمین پیڑول پمپکیلئے کیسے الاٹ ہو گئی۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ سرکاری زمین کو کوڑیوں کے بھاؤ دینے کی اجازت نہیں دے سکتے ، گرین بیلٹس پر بنے تمام پمپس ہٹیں گے ، اس طرح تو سارے باغ بھی لیز کر دیں۔ بعد ازاں عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ فیصل آباد کا ایک پمپ گرین بیلٹ اور دوسرا پارک میں بنایا گیا تھا۔