وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل آئے روز اپنے منفرد بیانات کے باعث خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر زرتاج گل کے نجی ٹی وی شو میں شرکت کی ایک ویڈیو زیر گردش ہے جس میں وہ ضیاالحق کے یومِ وفات کو یوم پیدائش کہتی دکھائی دے رہی ہیں۔
شو کے میزبان کی غلطی کی نشاندہی کہ اؔج ان کا یوم پیدائش نہیں یوم وفات ہے کو بھی وہ کسی خاطر میں نہیں لاتیں اور اپنی بات جاری رکھتی ہیں۔
وفاقی وزیر نے شو میں ساتھ موجود نون لیگ کے رہنما جاوید لطیف پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ آج ان کی پارٹی کے بانی ضیاالحق کا یومِ پیدائش ہے جس کی میں انہیں مبارکباد دیتی ہوں۔
جس پر شو کے میزبان ندیم ملک نے زرتاج کے سامنے ہاتھ جوڑدیے اور کہا کہ خدا کا نام لیں، آج 17 اگست ہے اور آج کے دن ضیاالحق کے طیارے کو حادثہ ہوا تھا اور انکی موت واقع ہوئی تھی۔
ندیم ملک کی تصحیح پر زرتاج گل اپنا بیان بدلتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’پھر تو آج جاوید لطیف صاحب کو آج ان کی برسی منانی چاہئے۔‘
زرتاج گل کی اس بات پر ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب اپنا سر پکڑ لیتے ہیں اور ہنسی چھپانے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔
مسلم لیگ نون کی رہنما حنا پرویز بٹ نے زرتاج گل کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’زرتاج گل کبھی مایوس نہیں کرتیں۔‘
زرتاج گل اس وقت پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر سرفہرست ٹرینڈ میں موجود ہیں، اس وائرل ویڈیو پر وفاقی وزیر کی جانب سے اب تک کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔