• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوگ کیوں نہیں مان سکتے کہ سوشانت ڈپریشن کا شکار تھا، سوارا بھاسکر

بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر کا سوشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی سے متعلق  کہنا ہے کہ لوگ کیوں نہیں مان سکتے کہ سوشانت سنگھ ڈپریشن کا شکار تھے ۔

بھارتی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کے بعد سے متعدد متنازع خبریں گردش میں ہیں ، اسی سے متعلق بھارتی فلموں کی ہیروئین سوارا بھاسکر نے حال ہی میں دیئے گئے بھارتی اداکار نصیرالدین شاہ کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ سوشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کے معاملے کو اتنا کیوں اُلجھا رہے ہیں، لوگ کیوں نہیں مان رہے کہ سوشانت سنگھ ذہنی طور پر اُلجھے ہوئے تھے اور پریشان تھے ۔

بھارتی چینل ’ انڈیا ٹوڈے ‘ کو انٹرویو  دہتے ہوئے سوارا بھاسکر نے سوشانت سنگھ کی خودکشی سے متعلق بات کی، سوارا کا کہنا تھا کہ ’وہ سینئر اداکار نصیرالدین شاہ سے مکمل اتفاق کرتی ہیں اور وہ یہی بات کافی دنوں سے کہہ رہی ہیں کہ لوگ یہ ماننے کے لیے کیوں تیار نہیں سوشانت پریشان تھے، سوشل میڈیا پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح سوشل میڈیا، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سوشانت سنگھ کی موت سے متعلق جھوٹے مفروضے گڑھ ر ہا ہے۔‘

سوارا بھاسکر نے کہا ہے کہ’ انہوں نے بہت سارے آرٹیکل پڑھے ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ سوشانت سنگھ ڈپریشن کا شکار نہیں تھے، یہ کیسا مفروضہ ہے، کیسے معلوم ہو سکتا ہے کہ کوئی پریشان ہے یا نہیں۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’صرف اسی لیے کہ کوئی معروف شخصیت ہے اس کا یہ مطلب نہیں کہ اُس کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہو سکتا، بحیثیت معاشرہ ہمیں ذہنی صحت پر توجہ دینی چاہیے۔‘

واضح رہے کہ کچھ دن قبل ایک انٹرویو کے دوران نصیرالدین شاہ کا سوشانت سنگھ کی خود کشی سے متعلق کہنا تھا کہ ’سوشانت سنگھ کی موت کو متنازع بنایا جا رہا ہے، یہ بہت پریشان کُن صورتحال ہے، وہ اس پر زیادہ توجہ نہیں دیتے، جب اُنہوں نے سوشانت سنگھ کی موت کی خبر سنی تو اُنہیں انتہائی گہرا صدمہ پہنچا۔‘

نصیرالدین کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ سوشانت سنگھ کو نہیں جانتے تھے مگر سوشانت کا مستقبل روشن تھا، خود کشی کر کے سوشانت نے اپنی زندگی ضائع کر دی۔‘

تازہ ترین