• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالات ٹھیک ہوئے تو 15ستمبر سےتعلیمی ادارے کھل جائیں گے، شفقت محمود


وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اگر حالات ٹھیک ہوئے تو 15 ستمبر سے تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔

شفقت محمود نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ نویں، دسویں، گیارہویں، بارہویں کے امتحانات سے متعلق مشاورت سے فیصلہ کیا گیا ہے، ہم ایک مشکل دور سے گزرے ہیں، کورونا کے باعث بہت سے چینلجز کا سامنا رہا، کووڈ 19 کے باعث اسکول، جامعات بند ہوگئیں ہیں۔

شفقت محمود نے کہا ہے کہ ہم نے بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس بلایا ہے، اہم ایشو پر وفاقی حکومت نے تمام صوبوں سے مل کر فیصلے کیے ہیں، 2سال میں وزارت تعلیم کے تحت بہت سے نئے منصوبوں کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں سے باہر طلبہ کو اسکولوں تک پہنچانے کی حکمت عملی مرتب کی، یکساں نصاب کے لیے مدارس اور تعلیمی اداروں کی مشاورت سے محنت کی اور مدارس کی رجسٹریشن کے لیے مدارس کے مہتم اور صوبائی حکومتوں سے مشاورت کی ہے۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ چھٹی سے آٹھویں تک کے نصاب پر کام جاری ہے، ہمارا نصاب دور حاضر کے تمام تقاضے پورا کرتا ہے، اقلیتوں کے لیے ان کے مذاہب کی چیزیں نصاب میں شامل کی گئی ہیں۔

شفقت محمود نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے بچوں کو ہنر بھی سکھایا جائے، ہنر مند پاکستان پروگرام کا ہم نے آغاز کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہنرمند پاکستان کے ذریعے ہنر کی تعلیم دے رہے ہیں، ایک لاکھ 70 ہزار بچوں کو ہنر مند بنانے کا پلان بنایا ہے، 50 ہزار بچوں کو مختلف اداروں میں بھیج چکے ہیں۔

تازہ ترین