شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کر کے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی تُرک اداکارہ اسراء بلگیک نے پاکستانی بریانی کو اپنی نمبر ون ڈش قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر اسراء کی ایک ویڈیو زیر گردش ہے جس میں وہ پاکستانی مختلف ڈشز چکھ رہی ہیں اور اپنا ردعمل دے رہی ہیں۔
اسراء کو پاکستانی کھانوں میں مرچیں زیادہ لگیں جس کا اظہار وہ گاہے بگاہے ویڈیو میں کرتی نظر آرہی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سب سے پہلے اسراء کو کھانے کیلئے پلاؤ دیا جاتا ہے، جسے چکھنے کے بعد وہ اس کی تعریف تو کرتی ہیں لیکن ساتھ ہی مرچوں کی زیادتی کا شکوہ بھی کرتی ہیں۔
پلاؤ کے بعد اداکارہ کو چکن کڑاہی کھانے کیلئے دی گئی، اس کا پہلا نوالہ لیتے ہی اسراء کے کانوں سے دھواں نکلنے لگ گیا انہوں نے کہا اس میں بہت مرچی ہے میں رونے والی ہوں۔
اس ویڈیو میں اداکارہ کو گول گپے اور دال چاول بھی پیش کئے گئے، گول گپے کھاتے ہیں اسراء کو اس قدر تی مرچیں لگیں کہ انہوں نے فوراً پانی کا گلاش مانگا اور تیزی سے پیا۔
اس کے بعد انہیں کھانے کیلئے دال چاول پیش کیے گئے، انہوں نے کافی کوششوں کے بعد دال چاول کو بالکل ٹھیک تلفظ کے ساتھ بولا او ر خود بھی اپنی تعریف کی، دال چاول کا پہلا نوالہ لے کر انہوں نے کہا یہ ٹھیک ہے، اسے کھاکر میں خوش ہوں مگر اس میں بھی مرچیں ہیں۔
اسراء کو میٹھے میں کھانے کیلئے جلیبی دی گئی، جسے دیکھتے ہی اسراء نے کہا کہ مجھے امید نہیں ہے کہ یہ کوئی میٹھی ڈش ہوگی، اسے چکھنے کے بعد انہوں نے خوشی سے کہا واہ یہ تو میٹھا ہے، یہ بہت اچھا ہے ، انہوں نے اسے ترکی کی ایک ڈش سے بھی ملایا کہ اس کا ذائقہ اس جیسا ہے۔
میٹھے میں جلیبی پیش کئے جانے کے بعد اسراء کو پاکستان کی مشہور و معروف ڈش بریانی پیش کی گئی جس پر انہوں نے کہا کہ ’میں بہت پرجوش ہوں کیونکہ بریانی چیز ہی ایسی ہے۔
برایانی کھانے کے بعد اداکارہ نے کہا کہ ’اب پتہ چلا کیوں یہاں کی بریانی بہت مشہور ہے، یہ تو بہت مزیدار ہے، مجھے بہت پسند آئی ہے، میرے خیال میں یہ میری پسندیدہ ترین ڈش ہے، بالکل یہ میری نمبر 1 ڈش ہے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان میں تُرک اداکارہ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے دو برانڈز نے انہیں اپنا برانڈ ایمبیسڈر بھی مقرر کیا ہے۔