لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی گلوکار علی ظفر کو پرائید آف پرفارمنس ایوارڈ ملنے کے معاملے پر صدر مملکت کو عورت مارچ کی جانب سے خط لکھا گیا تھا جس میں عورت مارچ کی جانب سے اعتراضات ظاہر کئے گئے تھے۔اس ضمن میں علی ظفر کی لیگل ٹیم کی جانب سے جواب سامنے آگیا ہے جس میں ان کی جانب سے حقائق بتائے گئے ہیں۔لیگل ٹیم کے جواب کے مطابق عورت مارچ تنظیم کی جانب سے صدر پاکستان کو لکھے خط میں غلط بیانی کی گئی ہے اور عورت مارچ کا خط علی ظفر کو بدنام کرنے کی مہم ہے کہ جب انہیں سرکاری اعزاز سے نوازا جارہا ہے۔بدقسمتی کی بات ہے کہ عورت کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم بدنام کرنے کی مہم کا حصہ بن رہی ہے کیونکہ اس وقت علی ظفر پر کسی طرح کا کوئی کیس زیر التو نہیں ہے لیکن علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع پر کیس زیر التو ہے۔لیگل ٹیم کے مطابق میشا شفیع کی جانب سے حراسمنٹ کی دائر شکایت کو صوبائی محتسب، گورنر پنجاب اور لاہور ہائیکورٹ خارج کرچکی ہے جبکہ میشا شفیع کے ہتک عزت کا کیس عدالت نے علی ظفر کے کیس کے نتیجے تک روک رکھا ہے کیونکہ علی ظفر نے بھی میشا شفیع پر ایک ارب روپے ہتک عزت کا کیس دائر کررکھا ہے۔یاد رہے کہ عورت مارچ کی جانب سے علی ظفر کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ ملنے پر صدر پاکستان کو خط لکھا گیا تھا۔