ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب کا بیان ثبوت ہے کہ درست سمت میں کام نہیں ہورہا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی ترقی 5.8 سے0.4 فیصد پر لا کر کہتے ہیں معیشت درست سمت جارہی ہے، کرنٹ اکاونٹ خسارے کا کریڈٹ لینے والوں نے قومی ترقی کا جنازہ نکالا تب یہ خسارہ کم ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی منجمند کرکے آج کریڈٹ لیاجارہا ہےکرنٹ اکاونٹ خسارہ کم ہوگیا، عمران صاحب بدترین کارکردگی کا موازنہ کرکے خوش ہورہے ہیں، موازنہ ہی کرنا ہے تو 2018 کا 2019 اور 2020 سے کریں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ روپے کی قدر میں 45 فیصد کمی کرکے کہتے ہیں معیشت درست سمت جارہی ہے، ملکی ترقی، کاروبار، روزگار ختم کر کے کہتے ہیں معیشت درست سمت جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو سال میں 13 ہزار ارب کا قرض لیا، ایک نئی اینٹ نہیں لگائی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں اُن کا کہنا ہے کہ معیشت درست راستے پر واپس آ گئی ہے، جولائی 2019ء میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 613 ملین ڈالر تھا، جون 2020ء میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 100 ملین ڈالر رہ گیا ہے۔