پنجاب کے شہر ساہیوال کے نواحی گاؤں میں زہریلا مشروب پینے سے 2 بچے جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والے بچے سگے بھائی ہیں جنہوں نے اسپتال پہنچ کر دم توڑا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 25 سالہ ارشاد نامی شخص زہریلا مشروب پینے کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
زہریلے مشروب سے متاثر ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔
پولیس نے بتایا ہے کہ زہریلا مشروب پی کر جاں بحق ہونے والے عثمان اور عبدالرحمٰن سگے بھائی تھے، جبکہ زہریلا مشروب پینے سے متاثر ہونے والی لڑکی آسیہ، عثمان اور عبدالرحمٰن کی بہن اور ارشاد ان کا چچا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: سانگھڑ، زہریلا کیک کھانے سے 2 بچیاں جاں بحق
ساہیوال کے تھانہ ڈیرہ رحیم کی پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد پتہ چل سکے گا کہ بچوں کی ہلاکت کیسے ہوئی۔