اسلام آباد (نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نےʼʼجعلی بنک اکاؤنٹس کیسʼʼ کے مرکزی ملزم انور مجید کی جانب سے طبی بنیادوں پر دائر ضمانت کی درخواست کی سماعت کے دوران نیب سے جواب طلب کرلیا ہے۔
دوران سماعت جسٹس قاضی امین نے دعائیہ انداز میں کہاکہ اللہ انور مجید کو صحت دے ،بدقسمتی سے بیرون ملک علاج کے حوالے سے ماضی کا تجربہ اچھا نہیں رہا ہے۔
جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل دورکنی بنچ نے منگل کے روز کیس کی سماعت کی تو ملزم کے وکیل منیر اے ملک نے سپریم کورٹ کراچی برانچ رجسٹری سے دلائل پیش کئے۔
جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ آپ ملزم کی ضمانت نہیں مانگ رہے بلکہ اسے ملک سے باہر بھیجنے کی اجازت مانگ رہے ہیں؟ جس پر انہوں نے کہاکہ زندگی کی ضمانت آئین دیتا ہے اور اپنی پسند کے مطابق علاج کرانا میرے موکل کا حق ہے۔