کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ میڈیکل رپورٹس پر شکوک دور کرنا حکومت اور نواز شریف دونوں کا فرض ہے، ملک کو کرپشن کر کے لوٹنے والے لوگ واجب الاحتساب ہیں، نواز شریف کے باہر جانے کیلئے کچھ لوگوں نے گارنٹی دی تھی ان سے بھی پوچھ گچھ ہوگی، پاکستان سال کا اختتام مثبت گروتھ پر کرے گا، شوگر کمیشن رپورٹ میں جو شخص بھی ملوث ہے اس کی تحقیقات ہوگی، ماضی میں بجلی گھروں کے ساتھ مہنگے سودے آج گردشی قرضے کی صورت ہم پر مسلط ہیں، ن لیگ چاہتی ہے اینٹی منی لانڈرنگ قانون کی تحقیقات سے نیب کو نکال دیں، مولانا فضل الرحمٰن پہلے بھی ایک ناکام دھرنا دے چکے ہیں آئندہ بھی ایسا ہوگا۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی شریک تھے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف علاج کیلئے باہر گئے ہیں علاج ہوجائے گا تو واپس آجائیں گے، نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس مشکوک ہیں تو حکومت خود مشکوک ہے، نواز شریف لندن میں ہی نہیں جیل میں بھی واک کرتے تھے، مولانا فضل الرحمٰن کے تحفظات کافی حد تک دور ہوگئے ہیں، قومی مفادات کی قانون سازی پر حکومت کے ساتھ تعاون ختم نہیں ہوا، اسمبلی میں جو بھی چور کا لفظ استعمال کرے گا میں اس کے باپ کو چور کہوں گا،نیوز لیکس میں کوئی بڑی بات نہیں تھی لیکن اسے اچھالا گیا، گردشی قرضہ 120کروڑ یومیہ بڑھنے کی بڑی وجہ نیب ہے، کراچی کے مسائل حل کرنا سند ھ حکومت اور میونسپل کارپوریشن کا کام ہے۔