لاہور(نمائندہ جنگ)صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ اسکول کھولنے سے پہلے اساتذہ کا کورونا ٹیسٹ لازمی ہوگا، بغیر ماسک بچے اسکول نہیں آسکتے، ماسک بچہ گھر سے پہن کر آئے گا،جو طالب علم ماسک کے بغیر اسکول آئے گا اسے اسکول میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، بچے دو شفٹوں میں اسکول آئیں گے، چوتھی جماعت کے بچوں کو اسکول بلانے کا حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو ہوگا، سینٹائزر، ماسک کا انتظام طلباء اور اساتذہ خود کرینگے، ٹیچرز کو لاہور میں سستے فلیٹ ملیں گے۔ صوبائی وزیر نے وزیر تعلیم نے پریس کانفرنس میں اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز بتاتے ہوئےکہا کہ بچوں کا ماسک پہنا لازمی، ماسک گھر سے لیکر آنا ہوگا۔ جن اسکولوں میں اساتذہ زیادہ تھے ان کے تبادلے کر کے ایسے اسکولوں میں بھیج دیا گیا ہے جہاں اساتذہ کی کمی تھی، یہ تبادلے واپس نہیں ہونگے۔ ماسک اور کورونا سے متعلق دیگر سامان کی خریداری کے لیے 7 ارب روپے چاہئیں جو حکومت خرچ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا وفاقی ہاؤسنگ اسکیم سے اساتذہ بھی مستفید ہوسکتے ہیں، ستمبر میں بھی نجی اسکول طلبہ کو فیسوں میں بیس فیصد رعایت دینگے۔ ،سرکاری سکولز کے ٹیچرز کو وفاق کی طرف سے لاہور میں سستے فلیٹ دئیے جائیں گے۔