• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری بات مانتے تو نواز شریف کو جانے ہی نہ دیتے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمارا نقطہ نظر یہ ہے کہ نواز شریف فراڈ کرکے بیرون ملک گئے، میری بات مانتے تو نواز شریف کو جانے ہی نہ دیتے۔

فواد چو ہدری نے میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس عدالت نے نواز شریف کو باہر بھیجا وہ شہباز شریف سے جواب طلب کرے، کورونا کی وجہ سے نوازشریف کے معاملے میں تاخیر ہوئی ہے، نواز شریف کی واپسی پر لائحہ عمل فروغ نسیم اور اور شہزاد اکبر بنائیں گے۔

فواد چو ہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف سے ذاتی لڑائی نہیں ہے صرف جو پیسے باہر گئے وہ واپس آنے چاہئیں، کابینہ نے نواز شریف کے لندن جانے سے قبل کہا تھا 2.7 ارب روپے کی گارنٹی رکھی جائے، پہلے کیس میں نواز شریف 2.7 بلین واپس کر دیں پھر چاہے لندن جائیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ڈاکٹر نے نواز شریف کی رپورٹس کی بنیاد پر باہر بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا، مسئلہ ڈاکٹرز کا نہیں مسئلہ رپورٹ کا ہے کہ وہ کیسے بنیں، اب تو نوازشریف ٹھیک ہیں اور گھوم پھر رہے ہیں۔

اُن کا مریم نواز سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مریم نواز اتنی اہم تھوڑی ہیں کہ انہیں کابینہ میں زیر بحث لایا جائے۔

فواد چو ہدری کا جے یو آئی ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت گرانے میں ایک ہی آدمی سنجیدہ ہے اور وہ فضل الرحمٰن ہیں، جب سے مولانا فضل الرحمٰن کی دیہاڑی بند ہوئی وہ ہر دروازے پر جلسہ لے کر پہنچ جاتے ہیں، کوئی آدمی مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے گروپ کا لیڈر بننے کو تیار نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کو چاہیے کہ وہ دو سال مزید صبر کر لیں ابھی وہ نوجوان ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں میں گورننس کے مسائل وزرائے اعلیٰ کی وجہ سے ہیں، وزرائے اعلیٰ اگر نیند سے نہیں جاگیں تو پاکستان کا بہت نقصان ہوگا، صوبوں میں جو خرچ کیا گیا کوئی ان سے حساب تو لے۔

انہوں نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف سے نکلنا پاکستان کے مستقبل کا سوال ہے، اپوزیشن کی اپنی منی لانڈرنگ کی وجہ سے پاکستان ایف اے ٹی ایف میں گیا، پاکستان سے پیسے کمائیں اور باہر بھیج دیں اور کوئی پوچھے بھی نہ یہ ممکن نہیں۔

فواد چو ہدری نے کہا ہے اپوزیشن سنجیدگی کا مظاہرہ کرے یہ قوانین پاکستان کے لیے ضروری ہیں۔

تازہ ترین