• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی شہر بارش برسانے والے بادلوں کے درمیان آ گیا ہے، محکمۂ موسمیات کے اندازے اور پیشگوئیاں غلط ثابت ہو گئیں۔

کراچی میں شدید بارش، سڑکیں تالاب بن گئیں
(تصاویر: سہیل رفیق)

کراچی کےمختلف علاقوں میں آج صبح سے شدید موسلا دھار بارش جاری ہے، جس کی وجہ سے کئی اہم سڑکوں پر پھر پانی جمع ہو گیا، شہریوں کی گاڑیاں بند ہو گئیں۔

محکمۂ موسمیات نے آج ہلکی اور معتدل بارش کی پیشگوئی کی تھی، تاہم اب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سسٹم کمزور ہونے کی بجائے دوبارہ زور پکڑ رہا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کمزور ہوتا سسٹم بلوچستان سے آنے والے سسٹم سے مل کر مضبوط ہو گیا ہے، جبکہ بحیرۂ عرب میں بننے والا سسٹم کمزور پڑ رہا تھا۔

 ماہرینِ موسمیات کے مطابق سمندر سے کیر تھر تک بارش برسانے والے بادلوں کا سسٹم بن چکا ہے۔

کراچی بادلوں کے سسٹم کے درمیان میں آ چکا ہے، اس سسٹم کو سمندر سے مسلسل نمی مل رہی ہے جس سے یہ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والے بادل 35 سے 40 ہزار فٹ کی بلندی پر ہیں، عام طور پر معمولی بارش برسانے والے بادل 2 سے 3 ہزار فٹ کی بلندی پر ہوتے ہیں، زیادہ بلند ہونے کی وجہ سے بادل مسلسل برس رہے ہیں۔

بلوچستان سے آنے والے سسٹم کے بقیہ حصے نے اسے مضبوط کر دیا ہے، جس کے بعد محکمۂ موسمیات نے اپنے ابتدائی اندازے بدل دیئے ہیں۔

محکمۂ موسمیات نے پہلے 4 بجے تک مسلسل بارش کی پیشگوئی کی تھی اب محکمۂ موسمیات کا نیا اندازہ ہے کہ تیز بارش 11 بجے رات تک جاری رہے گی۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں کل بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ 10 محرم الحرام کو بھی کراچی میں معتدل بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش

بارش سے کورنگی کازوے زیرِ آب آگیا، کورنگی میں سڑک کو آمد و رفت کے لیے بند کر دیاگیا ہے، راشد منہاس روڈ، ناگن چورنگی اور اطراف میں بھی پانی جمع ہو گیا۔

سندھ ہائی کورٹ، احتساب عدالت، اولڈ سیکریٹریٹ میں پانی جمع ہونے سے سائلین، وکلاء اور عملے کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا امدادی آپریشن جاری ہے، بارش شروع ہونے کے بعد سے شہر کے مختلف علاقے بجلی سے محروم ہیں۔

شدید بارش کے باعث شہر کی بیشتر سڑکیں زیرِ آب آگئی ہیں اور گاڑیوں بالخصوص موٹر سائیکلوں کو گزرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔

متعدد شہری بارش پانی کا جمع ہونے کی وجہ سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہونے کے باعث سڑکوں پر پھنس گئے اور انہیں گھروں میں لوٹنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

تازہ ترین