پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ فیاض چوہان کو انگلش پڑھنا نہیں آتی تو اردو ترجمہ بھیج دیتےہیں، نوازشریف حکومت کی نہیں عدالت کی مرضی سے گئے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض چوہان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیان حلفی میں واضح لکھا ہے ڈاکٹر جب تک نوازشریف کو مکمل صحت مند قرار نہیں دیتے واپس نہیں آئیں گے، ردی کے کاغذ ہوا میں لہرا کر فیاض چوہان شیخ رشید ثانی بننےکی کوشش کر رہےہیں، یہ کاغذات عدالت میں موجود ہیں، فیاض چوہان نےجھوٹی شہرت کے لیے ڈرامہ رچایا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ فیاض چوہان کوشریف فیملی کو نااہل قرار دلوانے کابہت شوق ہے، نالائقوں کی کارکردگی بہترنہیں ہوگی، نااہل وہ ہوتاہےجوکام نہ کرسکتا ہو، نا اہل وہ ہوتا ہےجس کو لوگ دعاؤں کی بجائے بدعائیں دیں، سیاسی بنیادوں پر نا اہل ہونے اور عوام کے دلوں میں نا اہل ہونےمیں زمین آسمان کافرق ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہمیں فخر ہے سیاسی بنیادوں پر نا اہل ہوئے ہم عوام کے دلوں میں آج بھی اہل ہیں، تحریک انصاف کو اپنا نام تبدیل کر کے تحریک مافیا، تحریک تباہی و بربادی رکھ لینا چاہیے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ چینی مافیا، گندم مافیا، پیٹرول مافیا اور ادویات مافیا ملک پر مسلط ہے، مافیا ازم کو فروغ دینے میں تحریک انصاف کا اہم کردار رہا ہے، جیب تراش حکومت دونوں ہاتھوں سے عوام کی جیبیں تراش رہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تحریک انصاف تین سے چار گروپوں میں تقسیم ہو چکی ہیں، پنجاب کے دس دس وزراء نے اپنے اپنے الگ پریشر گروپ بنالیے ہیں، فیاض چوہان جیسے ریلو کٹے ہر گروپ میں شمولیت کے لیے ہاتھ پاؤں مارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ہے نئے پاکستان میں ریلو کٹے، نمائشی لوٹے اور وفاداریاں بدلنے والے کثیر تعداد میں دستیاب ہیں۔