اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وفاقی حکومت نے شوگر کمیشن رپورٹ کالعدم کئے جانے کے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔
اپیل گزار وفاق پاکستان نے جمعرات کے روزسیکرٹری کابینہ ڈویژن اور سیکرٹری داخلہ کے ذریعے دائر کی گئی اپیل میں شوگر ملز مالکان، ڈی جی ایف بی آر، اور وزیر اعظم کے مشیر شہزاد اکبر کو فریق بنا تے ہوئے موقف اختیارکیا گیا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے شوگر کمیشن کی رپورٹ تکنیکی بناء پر کالعدم قرار دی ہے۔
سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے سے شوگر مافیا کو فائدہ پہنچا اور عوام اس سے شدید متاثر ہوئے ہیں، شوگر مافیا عوام کو انتہائی مہنگے داموں چینی فروخت کر کے دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر شوگر کمیشن رپورٹ بحال کی جائے تاکہ اس کی روشنی میں تحقیقات ہو سکیں۔