• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں این ڈی ایم اے کو فعال کرے، بلاول


چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں بارشوں کےبعد کی صورتحال پراظہارتشویش کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ قراقرم پر بنی ایک سرنگ میں دراڑیں پڑ گئی ہیں، مرمت نہ کی گئی تو وہ گر سکتی ہے، وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں این ڈی ایم اے کو فعال کرے۔

بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہ قراقرم بلاک ہونے پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں تیز بارش کے بعد کھڑی فصلیں اور باغات تباہ ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ علاقے میں مواصلاتی نظام کی خرابی کے باعث میڈیا کو نقصانات رپورٹ کرنے میں بھی دشواری ہے۔

وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں دیگر امدادی اور بحالی کے محکموں سمیت این ڈی ایم اے کو بھی فل فور فعال کرے، سیلاب و لینڈسلائیڈنگ میں سیاحوں اور مقامی افراد کے جانی و مالی نقصان پر گہری تشویش ہے۔

بلاول نے کہا کہ بارشوں سے دیامیر اور دیگر اضلاع میں کھڑی فصلیں اور باغات بھی بہہ گئے ہیں،وفاقی حکومت اور گلگت بلتستان کی حکومت شہریوں کی مدد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے،ہم حکومت کو گلگت بلتستان کے شہریوں کے دکھوں کو نظرانداز کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

پی پی چیئرمین نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کے رہنما و کارکن متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں۔

تازہ ترین