لاہور(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ ن کے صدر و قائد حزب اختلاف شہبازشریف اظہار یکجہتی کیلئےکل (بدھ کو) کراچی آئینگے۔بارشوں، سیلاب میں قوم کو نفل پڑھنے کی ہدایت اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت کو تعاون کی پیشکش کردی۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں محرم کے جلوسوں پر پیلٹ گن، شیلنگ کی شدید مذمت بھی کی۔پیر کے روز طوفانی بارشو ں اور سیلاب کی صورتحال پر قوم کوخصوصی نوافل کی ادائیگی کی ہدایت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ اللہ تعالیٰ سے دعائیں کی جائیں تاکہ بارشوں کا سلسلہ رکے اور سیلاب کی صورتحال میں بہتری آئے ۔بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات گہرے دکھ اور رنج کا باعث ہیں۔اہل پاکستان جہاں جہاں اور جس بھی طرح متاثر ہوئے ہیں، ان سے ہمدردی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سیلاب اوربارشوں کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کام کرنے والے اداروں اور رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔پارٹی عہدیداران، منتخب نمائندوں اور کارکنان پوری چابکدستی اور خلوص سے متاثرین کی مدد میں پیش پیش رہیں ۔