• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے مستقل حل کیلئے خصوصی فنڈ دیئے جائیں، شاہد خاقان


سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ کراچی کا مستقل حل یہ ہے کہ خصوصی فنڈ دیئے جائیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کوویڈ، بارش اور لاشوں پر سیاست کھیلی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے آنے کے بعد ہوش آیا ہے کہ کراچی آؤں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب نے ریفرنس ڈیڑھ سال کے بعد دائر کیا ہے، مجھ پر الزام تھا کہ میں نے ایم ڈی پی ایس او کی تعیناتی غیر قانونی کی۔

انہوں نے کہا کہ لمبی بحث کے بعد عدالت نے ہماری ضمانت منظور کی، عدالت نے نیب سے جو سوال کیا اس کا ایک جواب بھی نیب کے پاس موجود نہیں تھا۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ 3 سال شیخ عمران الحق نے پی ایس او میں لگائے اور وہ 3 سال منافع بخش رہے، آج جو پی ایس او کے ایم ڈی ہیں انہوں نے ساڑھے 6 ارب کا نقصان ملک کو دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: اس حکومت میں انصاف کے دروازے بند ہیں، شاہد خاقان

انہوں نے کہا کہ ہم پر سیاسی مقدمات بنائے جا رہے ہیں، آج چیئرمین نیب کو اپنے ادارے کی کرپشن نظر نہیں آ رہی، چینی کی مد میں ڈھائی سو ارب روپے لوٹے گئے وہ نیب کو نظر نہیں آ رہے۔

رہنما مسلم لیگ نون اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا ہے کہ آج کسی ادارے میں کوئی قابل اور اہل لوگ نہیں لگ سکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج ہر پوسٹ خالی پڑی ہوئی ہے، کوئی آنے والا نہیں، ہزاروں ارب کا نقصان کر دیا گیا، وزیرِ اعظم کو اداروں کا پتہ نہیں ہوتا اور باتیں کرنے لگ جاتے ہیں۔

تازہ ترین