جنگ گروپ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں آج بھی احتجاج جاری رہا۔
راولپنڈی میں جنگ بلڈنگ کے باہر احتجاج کیا گیا، مظاہرے میں صحافی اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سینئر صحافی آصف علی بھٹی، ناصر زیدی، حنیف خالد، ناصر چشتی سمیت دیگر صحافیوں نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی شدید مذمت کی۔
لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی کیمپ جاری ہے، جماعت اسلامی میڈیا سیل کے انچارج فرحان شوکت، انسانی حقوق کمیشن آزاد جموں کشمیر کے چیئرمین ہمایوں زمان مرزا، سینئر صحافی ظہیر انجم اور شیر علی نے بھی اظہار یک جہتی کے لیے کیمپ میں شرکت کی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری غیر قانونی ہے، حکومت میر شکیل الرحمٰن کو فوری رہا کرے۔
پشاور میں جنگ، جیو اور دی نیوز کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت جھوٹا مقدمہ ختم کرکے میر شکیل الرحمٰن کو فوری رہا کرے۔
کوئٹہ میں جنگ بلڈنگ کے باہر مظاہرہ ہوا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی رہائی تک جدوجہد جاری رہے گی۔
ملتان میں نصرت روڈ اور پر بہاولپور میں پریس کلب میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
جہلم میں کچہری روڈ سے پریس کلب تک اور نواب شاہ میں چکرا بازار میں ریلی نکالی گئی اور احتجاج کیا گیا۔