سرگودھا اور خوشاب میں طوفانی بارشوں نے انسانی جانوں کیساتھ ساتھ مکانات اور فصلوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچایا ہے، برساتی نالوں میں طغیانی کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بھی بند ہوگئی ہیں۔
ملک کے دیگر حصوں کی طرح سرگودھا اور خوشاب میں ہونے والی طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، بارشوں کے باعث جہاں ان اضلاع میں قیمتی انسانی جانیں گئیں وہیں سینکڑوں کچے مکانات بھی گر گئے ۔
طوفانی بارشوں کے سبب جوار، باجرہ، گندم، جانوروں کا چارہ اور کماد کی فصل کو جہاں نقصان پہنچا وہیں کنو، امرود، آڑو، لوکاٹ کے باغات بھی تباہی سے نہ بچ سکے۔
بارشوں کی وجہ سے بڑی تعداد میں مویشی بھی ہلاک ہوئے اور بچ جانے والے اب چارہ نہ ملنے کے باعث نڈھال ہوچکے ہیں ، رابطہ سڑکیں بھی ٹوٹ گئی ہیں جس کی وجہ سے آمدورفت میں بھی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔
حالیہ بارشوں کے بعد تباہی اور نکاسی آب کے بہتر انتظام نہ ہونے سے مختلف سرکاری محکموں کی کار کردگی کھل کر سامنے آگئی ہے ۔