• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈر 19 ٹیموں کی تشکیل،291 کھلاڑی ٹرائلز کیلئے مدعو


پاکستان کرکٹ کرکٹ بورڈ نے 6 ایسوسی ایشنز کی انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کی تشکیل کے لئے 291 نوجوان کھلاڑیوں کو ٹرائلز میں شرکت کے لیے مدعو کرلیا ،ٹرائلز 11 سے 19 ستمبر تک ایبٹ آباد، کراچی، لاہور، ملتان، کوئٹہ اور راولپنڈی میں جاری رہیں گے اور اس دوران کوویڈ 19 کے پروٹوکولز پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

پی سی بی نے 6 ایسوسیشنز کی انڈر 19 ٹیموں کی تشکیل کے لئے ہونے والےٹرائلز کی نگرانی 4 رکنی جونیئر سلیکشن کمیٹی کرے گی، کمیٹی میں سلیم جعفر، ثناءاللہ بلوچ، وجاہت اللہ واسطی اور توفیق عمر شامل ہیں، ٹرائلز کے بعد قومی انڈر 19 ٹورنامنٹس کے لیے اسکواڈز کا اعلان کیا جائے گا۔

11 اور 12 ستمبر کو سدرن پنجاب کے ٹرائلز ملتان سٹیڈیم میں ہوں گے، خیبر پختونخوا کے ٹرائلز 11 اور 12 ستمبر کو ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں اور 15 ستمبر کو ناردرن کے ٹرائلز پنڈی اسٹیڈیم میں بلوچستان کے ٹرائلز 18 اور 19 ستمبر کو بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں ہوں گے۔

سندھ کے ٹرائلز 17 اور 18 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جبکہ سینٹرل پنجاب کے ٹرائلز 14 اور 15 ستمبر کو ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ہوں گے۔

اس دوران کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کوویڈ 19 کے پروٹوکولز پر عمل کیا جائے گا، جس میں داخلی راستوں پر بخار چیک کرنا، گراؤنڈ کے باہر موجود کھلاڑیوں کا اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپنا اور سماجی فاصلے سے متعلق ہدایات پر عمل کرنا وغیرہ شامل ہیں۔

کھیل کے سامان کے تبادلے یا گیند پر تھوک لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

تازہ ترین