• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیبل پر مذہبی، معاشرتی اقدار کے مطابق چینلز دکھائے جائیں ،چیئر مین پیمرا

اسلام آباد ( نما ئندہ خصوصی) چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے پیمرا ریجنل آفس حیدرآباد کا دورہ کیا۔ انچارج ریجنل آفس حیدرآباد نثار احمد پنورنے چیئرمین پیمرا کو حیدرآباد ریجنل آفس کی جانب سے غیر اخلاقی مواد اور انڈین چینلز کے خلاف جاری کارروائیوں سے آگاہ کیا۔ چیئرمین پیمرا نے غیر اخلاقی مواد، غیر قانونی چینلز بالخصوص انڈین چینلز کی کیبل ٹی وی پر ترسیل کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کی تاکید کی۔ نثار احمد پنور نے آگاہ کیا کہ ریجنل آفس کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پرحیدرآباد ریجن کے مختلف شہروں و دیہاتوں میں کام کرنے والے کیبل نیٹ ورکس کی چیکنگ کر رہی ہیں اور غیرقانونی چینلز دکھانے کیلئے استعمال ہونے والے آلات قبضے میں لے رہی ہیں۔مزید براں، کیبل آپریٹرز کو یہ تلقین بھی کی جا رہی ہے کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں پیمرا سخت اقدامات کرنے کا مجاز ہو گا اور خلاف ورزی کی صورت میں ادارہ لائسنس کنندگان کے خلاف کاروائی کرے گا۔ چیئرمین یپمرا نے افسران و سٹاف کوہدایت کی کہ اس امرکو یقینی بنایا جا ئے کہ کیبل پر دکھائے جانے والے چینل مذہبی، معاشرتی، سماجی اور اخلاقی اقدار کے مطابق ہوں اورتمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے یوٹیوب اورانٹرنیٹ سے لیے گئے چینلز اور مواد کی ترسیل کو روکا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت ترین کاروائی کی جائے۔
تازہ ترین