سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہر دو نمبر آدمی آج وزیر اور مشیر بنا ہوا ہے، ان سے کیا توقع رکھیں؟
احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج بھی وقت ہے تہیہ کرلیں کہ الیکشن میں عوام کی رائے کا احترام ہوگا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ علاج کرانا نواز شریف کا حق ہے، ہماری درخواست ہے کہ وہ علاج کروا کر واپس آئیں، نوازشریف اسپتال تب جائیں گے جب اُن کی سرجری ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نیب 2 سال سے پولیٹیکل انجینئرنگ اور اپوزیشن کو دبانے کے طریقے پر کار بند ہے، جتنے مرضی جھوٹے کیس بنالیں، ہم نیب سے ڈرتے یا گھبراتے نہیں ہیں۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے کسی ایک فرد کے خلاف انکوائری نہیں ہوئی، ہم چاہتے ہیں کہ ٹی وی کیمرے عدالت کے اندر ہوں تاکہ لوگوں کو حقیقت پتہ چلے۔
آج 53 روپے والی چینی 110 روپے میں فروخت ہورہی ہے، اس کے علاوہ کراچی میں وزیر پورٹ اینڈ شپنگ میں کرپشن کر رہے ہیں، اے پی سی اس لیے ہورہی ہے کہ وہاں مشاورت سے لائحہ عمل طے ہوگا۔
شاہد خاقان نے مزید کہا کہ نیب کی حقیقت بچہ بچہ جانتا ہے، حقیقت بتارہا ہوں کہ نیب چلالیں یا ملک چلالیں۔