• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری روڈ پر ٹریفک جام کا مسئلہ حل نہ ہوسکا،فوری اقدامات ناگزیر

راولپنڈی ( وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)راولپنڈی شہر کی مرکزی شاہراہ مری روڈ پرٹریفک جام کادیرینہ مسئلہ حل نہیں ہوسکا۔ مری روڈپر دن بھربے ہنگم ٹریفک باالخصوص مریڑچوک،لیاقت باغ چوک ،تیلی محلہ ،وارث خان اوردیگرمقامات پر ٹریفک کااژدھام رہتاہے اوربیشتروقت گاڑیاں رینگ رینگ کرچلتی ہیں۔ میٹروبس سروس کے باوجودمری روڈپرگاڑیوں کادباؤ کم نہیں ہوسکا۔اس حوالے سے انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے مختلف تجربات بھی ٹریفک کی روانی کوبہترنہیں کرسکے۔ مری روڈپردوفلائی اوورزاورایک انڈرپاس کی تعمیراورمیٹروبس سروس کے شروع ہونے سے شہریوں کوتوقع تھی کہ ان کے شہرکادیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گالیکن بدقسمتی سے ایسانہیں ہوسکا۔ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ اورٹریفک پولیس کوفوری اقدامات کرنے ہوں گے۔عوامی حلقوں کاکہناہے کہ مری روڈپرگاڑیوں اورموٹرسائیکلوں کی غیرقانونی پارکنگ کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے اس حوالے سے دکانداروں ،بلدیاتی اداروں،ٹریفک پولیس اورضلعی انتظامیہ کو اپناکرداراداکرتے ہوئےمری روڈپرہرقسم کی غلط پارکنگ کے خاتمے کویقینی بناناچاہئیے ۔سڑک پرریڑھیوں اورچھابے لگانے پرفوری پابندی عائدکی جائے سڑک کااستعمال صرف اورصرف ٹریفک کے لئے کیاجائے ۔ضلعی انتظامیہ لیاقت باغ چوک اورمریڑچوک میں ہمہ وقت ٹریفک کورواں رکھنے کے لئے ان دونوں چوراہوں سمیت مری روڈکی ری سٹرکچرنگ کرے اورٹریفک سگنلزکی ٹائمنگ اس طرح کی جائے کہ ٹریفک کی روانی متاثرنہ ہو۔اس حوالے سے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کی تجویزکوبھی جلدازجلدعملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین