بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اور اُن کے باڈی گارڈ ’گرمیت سنگھ جولی‘ المعروف ’شیرا‘ کے ساتھ کو آج 26 سال مکمل ہوگئے ہیں، اس حوالے سے شیرا نے سوشل میڈیا پر اپنے مالک کے نام ایک پیغام جاری کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کے باڈی گارڈ شیرا بالی ووڈ کے سب سے مہنگے ترین باڈی گارڈ ہیں، جنہوں نے پچھلے 26 سالوں سے سلمان خان کا بھروسہ برقرار رکھا ہوا ہے، وہ سلمان خان کے ساتھ سائے کی طرح چلتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سلمان خان کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والا گروہ گرفتار
سلمان خان کی حفاظت کےلیے اُن کے باڈی گارڈ شیرا ہمیشہ اُن کے ساتھ ساتھ رہتے ہیں، اور آج بھی وہ سلمان خان کو ’مالک‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔ سلمان خان کے ساتھ 26 سال مکمل ہونے پر شیرا نے اپنے مالک کے لیے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیرا نے ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں سلمان خان اور شیرا ایک ساتھ کیپ پہنے کھڑے ہیں، اس تصویر کے ساتھ کیپشن میں شیرا نے لکھا کہ ’مالک ...سلمان خان اور میں پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ ہم کتنے عرصے سے ساتھ ہیں۔ 26 سال ساتھ گزر گئے اور آخر تک ساتھ ہی گزریں گے۔‘
شیرا اور سلمان خان کی ملاقات کہاں ہوئی؟
شیرا اور سلمان خان کی ملاقات سال 1994 میں ایک پارٹی کے دوران ہوئی تھی۔ شیرا کا اصلی نام ’گرمیت سنگھ جولی‘ ہے۔
چندی گڑھ میں ایک شو کے دوران جب کچھ لوگوں نے اسٹیج پر چڑھنے کی کوشش کی اور اُس کے بعد نظام درہم برہم ہو گیا اور پورا شو اس کی وجہ سے متاثر ہو گیا تو اُس کے بعد سلمان کے چھوٹے بھائی سہیل خان نے سلمان کے لیے شیرا کا انتخاب کیا تھا، تب سے شیرا اور وہ ساتھ ہیں۔
سلمان خان اور شیرا کا رشتہ کیا ہے؟
شیرا سلمان خان کے سب سے قریبی ساتھیوں میں سے ایک ہیں جبکہ ان دونوں کے لیے کہا جاتا ہے کہ دونوں کے بیچ باڈی گارڈ اور مالک والا رشتہ نہیں ہے بلکہ اُس سے بڑھ کر ایک رشتہ ہے لیکن شیرا سلمان خان کو مالک ہی کہتے ہیں۔
شیرا سے ایک انٹرویو میں سلمان خان سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’جب تک میں زندہ ہوں، میں بھائی کے ساتھ رہوں گا۔ میں کبھی بھائی کے پیچھے یا بغل میں کھڑا نہیں رہتا بلکہ میں ہمیشہ بھائی کے سامنے رہتا ہوں تاکہ اُن پر کوئی آنچ نہ آئے۔ ‘