• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’صبر‘‘ کی توفیق سب سے بہتر اور وسیع تر عطیہ

ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی سنبھلی

’’صبر‘‘ انسان میں ایک ایسی داخلی قدرت کا نام ہے جو ایمانی قوت سے پیدا ہوتی ہے، جس کے ذریعے اپنی خواہشات پر قابو پانے اور اللہ تعالیٰ کے فیصلوں پر قناعت کرنے کا ملکہ حاصل ہوتا ہے۔ صبر کا مطلب یہ نہیں ہے کہ انسان کسی تکلیف یا صدمے پر روئے بھی نہیں۔ کسی تکلیف یا صدمے پر رنج وافسوس کرنا انسان کی فطرت میں داخل ہے، اسی لئے شریعت اسلامیہ نے کسی تکلیف یا مصیبت کے وقت رونے پر کوئی پابندی نہیں لگائی ،کیونکہ جو رونا بے اختیار آجائے، وہ بے صبری میں داخل نہیں۔ البتہ صبر کا مطلب یہ ہے کہ کسی تکلیف یا صدمے یا حادثے پر اللہ تعالیٰ سے کوئی شکوہ نہ کیا جائے ،بلکہ اللہ تعالیٰ کے فیصلے پر رضامندی کا اظہار کرکے اسے تسلیم کیا جائے۔ ویسے تو ہر شخص اپنی زندگی میں بے شمار مرتبہ صبر کرتا ہے، مگر اللہ اور اس کے رسولﷺ پر ایمان لانے کی صورت میں ہی صبر کرنا عبادت بنے گا، ورنہ مجبوری۔

جلیل القدر نبی حضرت ایوب علیہ السلام کا مصیبتوں اور تکلیفوں پر صبر کرنا صبر ایوبی کے نام سے مشہور ہے۔ آپ کی اولاد کے انتقال کے علاوہ آپ کا تمام مال بھی ختم ہوگیا تھا، نیز متعدد بیماریاں آپ کو لگ گئی تھیں، جن کی وجہ سے لوگوں نے آپ کو الگ تھلگ کردیا تھا ،مگر حضرت ایوب علیہ السلام کی بیوی نے آپ کی بے مثال خدمت کی۔ جب بیوی کو بھی آپ کی وجہ سے بہت زیادہ تکالیف کا سامنا کرنا پڑا تو حضرت ایوب علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ سے اپنی تکلیفوں کی دوری کے لئے دعا فرمائی، چنانچہ آپ کو مکمل صحت عطا کردی گئی۔

صبر کی متعدد اقسام ہیں۔ ۱) اللہ تعالیٰ نے جن اعمال کے کرنے کا حکم دیا ہے، انہیں بجالانا خواہ بظاہر مزاج کے خلاف ہو۔ مثلاً نرم گرم بستر چھوڑ کر نماز فجر کی ادائیگی کرنا۔ مال کی محبت اور اُس کی ضرورت کے باوجود زکوٰۃ کے فرض ہونے پر زکوٰۃ کی ادائیگی کرنا۔ ۲) اللہ تعالیٰ نے جن چیزوں کو حرام قرار دیا ہے، اُن سے بچنا خواہ نفس کی خواہش ہو۔ مثلاً شراب پینے اوررشوت لینے سے بچنا۔ ۳) اللہ تعالیٰ کے فیصلوں پر صبر کرنا، یعنی جو بھی حالات آئیں ،اُن پر صبر کرکے اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنا۔

اللہ تعالیٰ نے اپنے پاک کلام ’’قرآن کریم‘‘ میں جگہ جگہ صبر کی تعلیم دی ہے۔ چند آیات پیش ہیں: اے ایمان والو! صبر اور نماز سے مدد حاصل کرو۔ بےشک ،اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے اور جو لوگ اللہ کے راستے میں قتل ہوں،اُنہیںمردہ نہ کہو۔ دراصل وہ زندہ ہیں۔ مگر تمہیں (اُن کی زندگی کا) احساس نہیں ہوتا اور دیکھو ہم تمہیں آزمائیں گے ضرور ، (کبھی) خوف سے، اور (کبھی) بھوک سے، اور (کبھی) مال وجان اور پھلوں میں کمی کرکے اور جولوگ (ایسے حالات میں) صبر سے کام لیں، اُنہیں خوش خبری سنا دو۔ (سورۃ البقرہ ۱۵۳ ۔ ۱۵۵) اسی طرح فرمان الٰہی ہے: اے ایمان والو! صبر کرو اور دشمن کے مقابلے میں ڈٹے رہو۔ (سورۂ آل عمران ۲۰۰) صبر کرنے والوں کو بے حساب اجروثواب عطا کیا جائے گا، جیساکہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: جو لوگ صبر سے کام لیتے ہیں،اُن کا ثواب انہیں بے حساب دیا جائے گا۔ (سورۃ الزمر ۱۰) حالات پر صبر کرنے کو اللہ تعالیٰ نے ہمت والا کام قرار دیا ،چنانچہ فرمان الٰہی ہے: جو شخص صبر سے کام لے اور درگزر کرجائے تو یہ ہمت کے کاموں میں سے ہے۔ سورۃ العصر میں خالق کائنات نے انسان کی کامیابی کے لئے صبر اور صبر کی تلقین کو لازم قرار دیا۔

قیامت تک آنے والے انس وجن کے آخری نبی حضرت محمد ﷺ نے بھی اپنے قول وعمل سے صبر کرنے کی ترغیب دی۔ چنانچہ نبی بنائے جانے سے لے کر وصال تک آپﷺکو بے شمار تکلیفیں دی گئیں۔ آپﷺ کے اوپر اونٹنی کی اوجھڑی ڈالی گئی۔ گھر کا کوڑا ڈالا گیا۔ آپ ﷺ کا مذاق اڑایا گیا۔ آپﷺ کی بیٹیوں کو طلاق دی گئی۔ آپﷺ کا تین سال تک بائیکاٹ کیا گیا۔ آپ ﷺ پر پتھر برسائے گئے۔ آپ ﷺ کو اپنا شہر چھوڑنا پڑا۔ آپ ﷺ غزوۂ اُحد کے موقع پر زخمی کئے گئے۔

آپ ﷺ کوزہر دے کر جان لینے کی کوشش کی گئی۔ آپ ﷺ نے کبھی ایک دن میں دونوں وقت پیٹ بھر کر کھانا نہیں کھایا۔ آپ ﷺ نے بھوک کی شدت کی وجہ سے اپنے پیٹ پر پتھر باندھے۔ آپ ﷺ کے گھر میں دو دو مہینے تک چولھا نہیں جلا۔ آپ ﷺ کے اوپر پتھر کی چٹان گراکر جان لینے کی کوشش کی گئی۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے سوا آپ ﷺ کی ساری اولاد کی آپﷺ کے سامنے وفات ہوئی۔ غرض یہ کہ سید الانبیاء وسید البشرﷺ کو مختلف طریقوں سےآزمایا گیا، مگر آپ ﷺ نے کبھی صبر کا دامن نہیں چھوڑا، آپ ﷺ رسالت کی اہم ذمہ داری کو استقامت کے ساتھ بہ حسن و خوبی انجام دیتے رہے۔

ہمیں آپ ﷺ کی زندگی سے یہ سبق لینا چاہئے کہ گھریلو یا ملکی یا عالمی سطح پر جیسے بھی حالات ہمارے اوپر آئیں، ہم ان پر صبر کریں اور اپنے نبیﷺ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اللہ سے اپنا تعلق مضبوط کریں۔

حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: مسلمان کو جو بھی تھکاوٹ، بیماری، غم، رنج، دکھ اور تکلیف پہنچتی ہے حتی کہ وہ کانٹا بھی جو اسے چبھتا ہے، اس کی وجہ سے اللہ تعالیٰ اس کی غلطیاں معاف فرماتا ہے۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جو شخص سوال سے بچنے کی کوشش کرتا ہے، اللہ اسے بچالیتا ہےاور جو بے نیازی طلب کرتا ہے اللہ تعالیٰ اسے بے نیاز کردیتا ہے۔ جو صبر اختیار کرتا ہے اللہ تعالیٰ اسے صبر عطا کرتا ہے۔ صبر سے زیادہ بہتر اور وسیع تر عطیہ کسی کو نہیں دیا گیا۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: مؤمن کا سارا معاملہ ہی عجیب ہے کہ اس کے تمام کام اس کے لئے خیر ہیں۔ مؤمن کے علاوہ کسی کو یہ چیز (اللہ کی عظیم نعمت) حاصل نہیں۔ اگر اسے خوشحالی میسر آتی ہے تو شکر کرتا ہے تو یہ شکر کرنا اس کے لئے بہتر ہے اور اگر اسے تنگ دستی آجائے تو صبر کرتا ہے تو یہ صبر کرنا اس کے لئے بہتر ہے۔ (صحیح مسلم)

حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ کا گزر ایک عورت کے پاس سے ہوا جو قبر پر بیٹھی رو رہی تھی۔ آپ ﷺ نے فرمایا: تو اللہ سے ڈر اور صبر کر۔اُس نے کہا مجھ سے ہٹ جاؤ۔ تمہیں میری والی مصیبت نہیں پہنچی اور نہ تم اسے جانتے ہو۔ اس عورت نے آپ ﷺ کو نہیں پہچانا تھا۔ جب اسے بتا گیا کہ وہ حضور اکرمﷺ ہیں، تو وہ حضور اکرمﷺ کے دروازے پر حاضر ہوئی اور وہاں کسی دربان کو نہ دیکھا تو کہنے لگی۔ میں نے آپ ﷺ کو نہیں پہچانا۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: بلا شبہ صبر وہی ہے جو تکلیف کے آغاز میں کیا جائے۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم) یعنی کسی مصیبت یا پریشانی کے آنے پر شروع سے ہی صبر کرنا چاہئے۔ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس سے اللہ تعالیٰ بھلائی کا ارادہ فرماتا ہے، اسے تکلیف میں مبتلا کردیا جاتا ہے ۔ (صحیح بخاری) حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: تم میں سے کوئی شخص تکلیف میں مبتلا ہونے کی وجہ سے موت کی تمنا نہ کرے۔ اگر اسے کرنا ہی ہو تو یوں کہے: اے اللہ! مجھے زندہ رکھ جب تک زندگی میں میرے لئے خیر ہے اور مجھے موت دے ،جب موت میں میرے لئے بہتری ہو ۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جب اللہ تعالیٰ کسی بندے کے ساتھ بھلائی کا ارادہ فرماتا ہے تو اسے دنیا میں بھی گناہ کی سزا جلد دے دیتا ہے اور جب اللہ تعالیٰ کسی بندےسے برائی کا ارادہ فرماتا ہے تو گناہ کے باوجود سزا کو روک دیتا ہے تاکہ پوری سزا قیامت کے دن دے۔ آپ ﷺ نے مزید فرمایا: بڑا بدلہ بڑی آزمائش کے ساتھ ہے۔ اللہ تعالیٰ جب کسی قوم کو پسند فرماتا ہے تو انہیں کسی آزمائش میں ڈال دیتا ہے۔ جو اس آزمائش سے راضی ہو اس کے لئے اللہ کی رضامندی ہے اور جو ناراض ہو اس کے لئے اللہ کی ناراضی ہے۔ (ترمذی) حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: تم میں بہادر وہ نہیں جو دوسروں کو پچھاڑدے۔ بہادر وہ ہے جو غصے کے وقت اپنے نفس پر کنٹرول کرے ۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: مؤمن مرد وعورت کی جان، اولاد اور مال پر آزمائش آتی رہتی ہے ،یہاں تک کہ وہ اللہ تعالیٰ سے جاملتا ہے کہ اس پر کوئی گناہ نہیں ہوتا۔ (ترمذی)

کسی قریبی رشتے دار کے انتقال پر دل کا غمگین ہونا اور آنکھوں سے آنسو کا بہنا ایک فطری تقاضاہے، مگر بلند آواز سے مرحوم کے اوصاف بیان کرکے رونے پیٹنے، کپڑوں کے پھاڑنے اور گریہ وزاری کرنے سے ہمارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے منع فرمایا ہے۔ ہمیں ایسے موقع پر صبر سے کام لینا چاہئے۔ حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے رسول اللہﷺ کو ارشاد فرماتے ہوئے سنا: کوئی بندہ بھی اپنی مصیبت میں یہ کہے: ’’اِنَّا لِلّٰہِ واِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْن، اللّٰہُمَّ اَجِرْنِیْ فِیْ مُصِیْبَتِیْ وَاخْلُفْ لِیْ خَیْراً مِنْہَا‘‘ تو اللہ تعالیٰ اسے اس کی مصیبت میں اس کا ثواب عطا کرتاہے اور اس سے بہتر چیز اسے عطا کرتا ہے۔ 

چنانچہ جب ابوسلمہ ؓ کا انتقال ہوا تو میں نے بھی رسول اللہﷺ کے حکم کے مطابق یہ دعا پڑھی، حالانکہ میں سوچ رہی تھی کہ اُن سے بہتر کون ہوگا؟ اللہ تعالیٰ نے مجھے اُن سے بہتر دولت یعنی رسول اللہ ﷺ کو عطا کیا۔ (صحیح مسلم) حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کا پہلا نکاح حضرت ابو سلمہ ؓ سے ہوا تھا، جو نبی اکرم ﷺ کے پھوپھی زاد بھائی تھے۔ انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ حبشہ اور پھر مدینہ منورہ کی طرف ہجرت کی تھی۔ آپ کو آپ کے خاندان والوں نے حضرت ابوسلمہ ؓ کے ساتھ مدینہ منورہ ہجرت کرنے سے روک دیا تھا اور گود کا بچہ بھی چھین لیا تھا۔ بعد میں حضرت ام سلمہ ؓ کی حالت پر ترس کھاکر خاندان والوں نے بچے کو دے دیا تھا اور مدینہ منورہ ہجرت کرنے کی بھی اجازت دے دی تھی۔ آپ پہلی مہاجر خاتون تھیں۔ ان کے شوہر حضرت ابو سلمہ ؓ کی جنگ اُحد کے زخموں سے وفات ہوگئی تھی۔ چار بچے یتیم چھوڑے۔ جب کوئی بظاہر دنیاوی سہارا نہ رہا تو نبی اکرم ﷺ نے بے کس بچوں اور ان کی حالت پر رحم کھاکر ان سے نکاح کرلیا۔

خلاصۂ کلام یہ ہے کہ دنیا میں کوئی بھی بشر ایسا نہیں ہے جسے پریشانیوں، مصیبتوں، تکلیفوں اور دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ خالق کائنات نے قرآن کریم (سورۃ البلد) میں چار چیزوں کی قسم کھاکر قیامت تک کے لئے اصول وضابطہ بیان فرمادیا کہ دنیا میں انسان کو اس طرح پیدا کیا گیا ہے کہ اُسے زندہ رہنے کے لئے کسی نہ کسی شکل میں مشقت ضرور اٹھانی پڑتی ہے، چاہے وہ کتنا ہی بڑا حاکم یا دولت مند شخص کیوں نہ ہو۔ انبیاءؑ، صحابہؓ، علماء اور صالحین کو بھی دشوار کن مراحل سے گزرنا پڑا ہے۔ ہمارے اوپر جو پریشانیاں اور دشواریاں آتی ہیں، وہ یا تو ہمارے اعمال کی سزا ہوتی ہیں یا اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہماری آزمائش ہوتی ہے۔ لہٰذا مصیبت یا پریشانی کے وقت گناہوں سے توبہ واستغفار کرکے ہمیں اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنا چاہئے، اسی میں ہماری کامیابی کا راز پوشیدہ ہے۔ 

دشواریوں اور پریشانیوں کے وقت رب العالمین نے ہمیں صبر کرنے اور نماز قائم کرنے کا حکم دیا اور فرمایا کہ اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے، یعنی صبر کرنے والوں کو اللہ کی معیت کا شرف حاصل ہوتا ہے۔ اِن دِنوں مسلمانوں کے سامنے علاقائی وعالمی سطح پر بے شمار مسائل درپیش ہیں،جن کے حل کے لئے متعدد فارمولے پیش کئے جاسکتے ہیں، لیکن سب سے اہم فارمولا یہ ہے کہ ہم اپنا تعلق خالق کائنات سے مضبوط کریں اور خالق کائنات کے حکم کی روشنی میں حالات پر صبر کرکے نماز کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے مدد چاہیں۔

تازہ ترین