مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیب بدنیت ادارہ ہے جس کی حقیقت ہر پاکستانی جانتا ہے، نیب کے تمام کیسز اپوزیشن پر ہیں۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ میں اپیل سے نواز شریف کی حاضری پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس پہ بات کرنا مناسب نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہائی کورٹ میں میڈیکل رپورٹ دی ہے کہ نواز شریف کا علاج ابھی مکمل نہیں ہوا، نواز شریف علاج کے مقصد سے باہر گئے، مکمل صحت مند ہونے پر ہی واپس آئیں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری تھی کہ نواز شریف کی مصدقہ میڈیکل رپورٹ دیں، انہوں نے نہیں دی، نیب نے عدالت میں کہا کہ ہمیں معلوم نہیں نواز شریف کہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب بدنیت ادارہ ہے، نواز شریف کی اپیل کا عمل ان کی غیر موجودگی میں بھی چلتا رہے گا، آج شہباز شریف نیب کے سامنے پیش ہوئے، انکی بیٹی اور اہلیہ پر بھی نیب نے کیس بنایا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نیب اور عمران خان نے پوری کوشش کرلی، ایک ڈھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے، نیب کو صرف اپوزیشن ، صرف نوازشریف نظر آتا ہے، نیب صرف انتقامی کارروائیاں کررہا ہے جو ہمیں دبا نہیں سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خود دعوے کرتی ہے کہ ہم لوگوں کو گرفتارکرتے اور باہر نکالتے ہیں، اگر عوام تکلیف میں ہیں، توعوام ضرور سڑکوں پر آئے گی۔
شاہد خاقان عباسی چوہدری نثار ابھی جماعت کا حصہ نہیں اگر بن گئے تو ضرور اے پی سی کاحصہ بن سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نوازشریف کے وکلا نے 2 بڑی تفصیلی میڈیکل رپورٹ جمع کرائی ہیں، نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، قانون ہمیشہ انسانی تقاضوں کو فوقیت دیتا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب جانتا ہے نوازشریف علاج کی غرض سے باہر ہیں، نیب وہ ادارہ ہے جس کا وجود ہی بدنیتی پر ہے، نوازشریف کی اپیل کا سلسلہ ان کی غیر موجودگی میں چل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کی حقیقت ہر پاکستانی جانتا ہے، نیب کے تمام کیس اپوزیشن پر ہیں، جو جماعت 10 سال تک اقتدار میں رہی ہو اس پر ایک پیسے کی کرپشن کا کیس نہیں بن سکا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کونسی وزارت ہے جہاں کرپشن نہیں ہوتی، نیب کو یہ نظر نہیں آتا، نیب کو بس اپوزیشن اور نوازشریف نظر آتا ہے، حکومت ناکام ہوچکی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک پیسے کی کرپشن ہم پر ثابت نہیں ہوسکی، آج نیب کو جب کچھ ملا نہیں تو سفید جھوٹ بول رہے ہیں۔