مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ نوٹس دینا نیب کی مجبوری ہے، نیب اس وقت مجبور ادارہ بن چکا ہے، یہ اس وقت اپنی ناک پربیٹھی مکھی نہیں اڑا سکتا سب کچھ اوپر سے ہو رہا ہے۔
نیب آفس لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نون لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اپوزیشن کو دباؤ میں لانے کے لئے نیب کو استعمال کیا جارہا ہے، بلین ٹری انکوائری پر کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا، جبکہ اپوزیشن رہنماؤں کو انکوائری کے دوران ہی گرفتار کرلیا جاتا ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ انکوائری جب اپوزیشن کے خلاف ہوتی ہے تو کوئی اصول مدنظر نہیں رکھا جاتا، ہمارا فیصلہ ہے نواز شریف اپنا علاج مکمل کروائیں اسکے بعد وطن واپس آئیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف ہمارے قائد ہیں، پارٹی ان کی قیادت میں متحد ہے،اپوزیشن کی اے پی سی جو فیصلہ کرے گی نون لیگ ساتھ ہوگی۔
رانا ثناء نے کہا کہ حزب اختلاف 20 ستمبر کو اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
اس سے قبل مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ صبح 10 بجے نیب آفس پہنچے ،نیب لاہور نے ان کے خلاف انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کی منظوری دی تھی
واضح رہے کہ رانا ثناءاللہ کے خلاف مبینہ طور پرغیر قانونی اثاثہ جات بنانے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔