وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان، روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، روس سے تعلقات مضبوط بنانے کیلئے کثیرالجہتی شعبوں میں تعاون چاہتےہیں۔
ماسکو میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف سے ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، کورونا وبا، اہم علاقائی و عالمی امور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود کی روسی ہم منصب سے ملاقات وزرائےخارجہ کونسل اجلاس پر ہوئی، جس میں پاک روس وزرائے خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں بے امنی کے خاتمے کیلئے مذاکرات کا حامی رہا ہے، جبکہ دیرپا امن یقینی بنانے کیلئے، بین الافغان مذاکرات کا جلد انعقاد ناگزیر ہے۔
وزیر خارجہ نے روسی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب بدلنےکی مذموم کوشش کی ہے۔
پاک روس وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔