اسلام آباد (ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے کراچی میں5سالہ بچی اور لاہور کے قریب موٹروے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے واقعات کا سخت نوٹس لیا ہے۔وزیراعظم نے متعلقہ آئی جیز سے مذکورہ واقعات کی رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ کسی مہذب معاشرے میں ایسی درندگی اور حیوانیت کی اجازت نہیں دی جا سکتی‘ایسے واقعات ہماری سماجی اقدار کے منافی اور سوسائٹی پر بدنما داغ ہیں۔ عمران خان نے واقعہ میں ملوث افراد کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لانے اور قرار واقعی سزا دلوانے کا حکم دیدیا۔ دریں اثناء عمران خان سے وفاقی وزیر فیصل واوڈانے ملاقات کی اورکراچی میں ننھی مروا اور موٹر وے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کا معاملہ اٹھایا۔فیصل واوڈا نے وزیراعظم سے زیادتی کے مجرموں کو سرعام پھانسی دینے کا قانون لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جنسی درندگی کرنے والے افراد کو پھانسی دے کر عبرت کا نشان بنائیں۔وزیراعظم نے مجرمان کو سخت سزائیں دلوانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں جائیں گے۔