اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پاکستان غربت خاتمہ فنڈز (پی پی اے ایف) کے سربراہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے بڑے بھائی قاضی عظمت عیسیٰ کی تعیناتی کے خلاف درخواست میں تعیناتی کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ گزشتہ روز عاصم ریاض کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر سیف الرحمٰن نے موقف اختیار کیا کہ قاضی عظمت عیسیٰ کی تعیناتی کے لئے قواعد و ضوابط پورے نہیں کئے گئے۔ تقرری کارپوریٹ گورننس رولز 2013 کے برعکس ہوئی اور رولز کے مطابق تین نام حکومت کو بھیجے بغیر کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ قاضی عظمت عیسیٰ گزشتہ دس سال سے پاکستان غربت خاتمہ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔