پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم اسلام آباد کا راستہ جانتے ہیں اور حق چھیننا بھی جا نتے ہیں، آپ اپنی وزارت کے لئے عوام کے حق پر سودے بازی نہ کریں۔
بدین میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم تو کب سے کہتے آ رہے ہیں وسائل ہمارے پاس نہیں ہیں، وفاق کی جانب سے اب تک ایک روپیہ نہیں آیا، سندھ کے عوام ڈوب رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ ان کے باپ کا پیسا نہیں بلکہ بدین کے عوام کا پیسا ہے، ہم آپ کو نہیں چھوڑیں گے جب تک آپ عوام کا حق انہیں نہیں دیتے ہم آپ سے یہ حق چھین کر رہیں گے، ہم کب سے کہتےآرہے ہیں کہ این ایف سی کے 116 ارب روپے نہیں دیئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اس بار کے 200 ارب روپے نہیں دیئے گئے، 200 ارب روپے میں ہم کیا کیا نہیں کر سکتے تھے، ہم اس پیسے سے پانی کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، یہ اس صوبے کے عوام کا پیسا ہے، کشمور سے یہاں تک لوگ پانی کے لئے ترس رہے ہیں، کب تک بدین کے لوگوں سے سوتیلوں جیسا سلوک رکھیں گے؟
بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیر اعظم کا ایک ہمدردی کا بیان تک نہیں آیا، مدد تو دور کی بات ہے، ہم بھی پاکستان کا حصہ ہیں آپ نے پورے پاکستان کو سنبھالنا ہے، آپ کو یہاں آ کر عوام کی خدمت کرنا پڑے گی، آپ ان کو ایسے لاوارث نہیں چھوڑ سکتے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ مشرف کے وقت میں بھی وفاق نے یہاں کے عوام کو ایسا لاوارث نہیں چھوڑا، کراچی میں 5 گھنٹےکی میٹنگ رکھی، وزیراعلیٰ نےکہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کی ضرورت ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ ووٹ دیں نہ دیں یہ لوگ اقتدار میں آتے ہیں، اشاروں کی طرف دیکھتے ہیں کہ اب کیا کرنا ہے۔