کراچی، لاہور(اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز، مانیٹرنگ نیوز، نمائندہ جنگ) موٹروے زیادتی کیس کےحوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نےکہاہےکہ کیس جلد حل کیا جائے جبکہ وزیرقانون پنجاب کاکہناہےکہ زیادتی کے اصل ملزم تک پہنچ کر سزا دلوانا چیلنج ہے۔
مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نےکہاہےکہ مجرموں کوسرعام کوڑے مارے جائیں ، وفاقی وزیر فیصل واوڈا کاکہنا ہےکہ زیادتی کے مجرموں کو نامرد بنانے کا بل منظور کرواکر دکھاؤں گا۔
آئی جی پنجاب کاکہناہےکہ چوکی دار مالک کو نہیں کہہ سکتا اپنی حفاظت خود کرو۔ ایم کیو ایم رکن اسمبلی نےکہاہےکہ سی سی پی او کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ موٹروے زیادتی،ٹیسٹ کیس ہے،جلد منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے،وزیراعلیٰ پنجاب نے تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت سے رابطہ کیا، راجہ بشارت نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے واقعہ کی تحقیقات پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا-