• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون کی انگوٹھی، گھڑی مل گئی، 7 افراد کا DNA، مدعی شامل تفتیش

لاہور(نمائندہ جنگ،خبرایجنسیاں،جنگ نیوز )موٹروے اجتماعی زیادتی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،ذرائع کے مطابق جنگل سے خاتون کی انگوٹھی اور گھڑی مل گئی ہے جبکہ 7مشتبہ افراد کاڈی این اے کرلیاگیا۔

ایف آئی آر کے مطابق 15 افراد کی پروفائلنگ مکمل کرلی گئی ہے،مدعی کوبھی ساتھی سمیت شامل تفتیش کرلیاگیاہے،مدعی مقدمہ سردار شہزاداوراس کے ساتھی جنید نے اپنے نمبر،رہائشی پتے غلط لکھائے،دونوں کے فون بند ہیں۔

ذرائع کےمطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جنگل سے خاتون سے لوٹی گئی طلائی انگوٹھی اور گھڑی مل گئی ہے، خاتون سے ڈکیتی کے بعد ڈاکو اسے کھائی میں لے گئے تھے، ڈاکوؤں نے خاتون سے ایک لاکھ نقدی اور زیورات لوٹے، انگوٹھی اور گھڑی ڈاکوؤں کے فرار کے دوران گرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واقعے کی تحقیقات میں روایتی اور جدید دونوں طریقہ تفتیش کا استعمال کیا جارہا ہے اور آئی جی پنجاب کیس میں پیش رفت کی خود نگرانی کر رہے ہیں،کھوجیوں کی مدد سے جائے وقوعہ کے اطراف 5کلو میٹر کا علاقہ چیک کرکے مشتبہ مقامات نشان زد کر لئے گئے ہیں، ایف آئی آر میں نامزد ملزمان سے ملتے جلتے حلیے کے حامل 15 مشتبہ افراد کی پروفائلنگ (کوائف) کی گئی ہے۔

مختلف شواہد پر 7 مشتبہ افراد کاشف، عابد، سلمان، عبدالرحمن، حیدر سلطان، ابوبکراور اصغر علی کو حراست میں لے کر ان کے ڈی این اے ٹیسٹ کروائے گئے ہیں جن کی رپورٹس کا انتظار ہے۔

تین مختلف مقامات سے جیو فینسنگ کیلئے موبائل کمپنیوں کے حاصل کردہ ڈیٹاکا تجزیہ کیا جارہا ہے، لوکل کیمروں سے مشتبہ افراد کو ویڈیو ریکارڈنگ حاصل کرکے شناخت کو آگے بڑھایا جارہا ہے،ادھرپولیس تحقیقات میں نیا موڑ سامنے آیا ہے،مدعی مقدمہ اور اس کے ساتھی سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

تازہ ترین