کنری، ٹنڈو باگو( نامہ نگاران) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک بار پھر ون یونٹ قائم کر کے عوام کے حقوق چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے، اگر سندھ کو حق نہیں دیا گیا تو میں عوام کو لیکر اسلام آباد پہنچوں گا اور حق چھین کر لوں گا، شاہ محمود قریشی وزیراعظم کو ساتھ لیکر عمر کوٹ آئیں اور دیکھیں انکے ووٹرز کا کیاحال ہے، وفاق کہتا ہے کہ سیلاب متاثرین کیلئے 300؍ روپے بھی نہیں دینگے، نیا پاکستان کے نام پر آمریت قائم کی جا رہی ہے، انہوں نے ذوالفقار مرزا اور وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کا نام لئے بغیر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت میں یہ ہمیں بلیک میل کرتے تھے، آج بدین ضلع ایل بی او ڈی اور بارش کی تباہ کاری سے شدید متاثر ہے اور یہ سلیکٹیڈ وفاقی وزیر ایک دن بھی بدین نہیں آئی ہیں اور نہ ہی استعفیٰ دے رہی ہیں،وفاقی حکومت زرعی ایمرجنسی نافذ کرکے فوری کسانوں کی مدد کرے، عمران خان اسلام آباد کے نہیں پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں،سندھ کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے،لوگوں کی مشکلات حل کرنے کیلئے ان کو یہاں آنا پڑیگا۔